جاپان کی سیلف ڈیفنس فورس کے افسران کی سینائی امن مشن کیلئے تقرری

منگل 23 اپریل 2019 10:35

ٹوکیو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) جاپان کی بری سیلف ڈیفنس فورس کے دو افسران ، 2015ء میں نافذ ہونے والے سلامتی قوانین کے تحت پہلے کثیر ملکی امن مشن میں شرکت کے لئے مصر روانہ ہوں گے۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق اٴْس قانونسازی کے تحت سیلف ڈیفنس فورسز کو بعض شرائط کے ساتھ اقوام متحدہ کے فریم ورک سے ہٹ کر کثیر ملکی امن سرگرمیوں میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت جاپان نے اپریل کے اوائل میں ایس ڈی ایف کے اعلیٰ افسران کو مصر کے جزیرہ نما سینائی بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیر دفاع تاکیشی ایوایا نے متعلقہ افسران کو تقرری کا حکم نامہ بھی دے دیا ہے۔ دونوں افسران، مصر اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی نگرانی کرنے والی تنظیم، ملٹی نیشنل فورسز اینڈ آبزرورز کے صدر دفتر میں کام کریں گے۔ ان کی تعیناتی نومبر تک ہوگی۔ افسران، دونوں ممالک کے درمیان رابطے میں سہولت فراہم کریں گے۔وزیر دفاع نے انہیں بتایا کہ ان کا مشن، مشرق وسطیٰ اور بقیہ دنیا میں امن و استحکام میں جاپان کے مزید کردار میں مددگار ہوگا۔