جاپان میں دہشت گردی کی ممکنہ صورت سے نمٹنے کیلئے نئے یونٹ کا قیام

منگل 23 اپریل 2019 10:35

ٹوکیو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) جاپانی فائر بریگیڈ کے محکمہ نے ممکنہ دہشت گرد حملوں سے نمٹنے کے لئے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک نئے یونٹ کا آغاز کیا ہے۔ یہ قدم ٹوکیو میں 2020ء اولمپکس اور پیرالمپکس کھیلوں کی تیاروں کا ایک حصہ ہے۔ دہشت گردی یا دیگر سانحات کی صورت میں مذکورہ یونٹ ریسکیو کی سرگرمیوں اور کیمیائی حملے کے ردعمل میں استعمال ہو گا اور دیگر اہلکاروں کے ساتھ مربوط انداز میں حرکت میں لایا جائے گا۔

گزشتہ روز نئے یونٹ کے قیام کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور عوام کے دیکھنے کے لیے ایک مشق بھی رکھی گئی تھی۔ مشق اِس مفروضے کی بنیاد پر کی گئی تھی کہ ایک چوراہے کے بیچ میں موجود بیگ میں دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا جبکہ یونٹ کے ارکان زخمی افراد کے لیے امدادی کارروائی انجام دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

دیگر ٹیموں اور صدر دفتر کے ساتھ رابطے کے لیے ایک کمانڈ گاڑی نے بھی اس میں حصہ لیا۔

مذکورہ گاڑی میں 360 ڈگری کیمرا نصب ہوتا ہے جس سے کئی اسکرینوں پرپورا منظر دیکھا جا سکتا ہے اور ایک ٹیلی مواصلاتی نظام بھی موجود ہے جس کو بیک وقت استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ویڈیو نظام کا مقصد سانحے کے مقام کی صورت حال کا بہتر جائزہ لیتے ہوئے صدر دفتر سے رابطہ قائم کرنے کا ہے۔ توقع ہے کہ بڑی آتشزدگی یا قدرتی سانحات کی صورت میں بھی اس نئے یونٹ کو تعینات کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :