Live Updates

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی اسد عمر کی بنائی ہوئی ایمنسٹی اسکیم سے اختلاف

حفیظ شیخ اسد عمر کی بنائی ہوئی ایمنسٹی اسکیم میں تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اپریل 2019 10:53

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی اسد عمر کی بنائی ہوئی ایمنسٹی اسکیم سے اختلاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2019ء) : مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی بنائی ہوئی ایمنسٹی اسکیم سے اختلافات سامنے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی تیار کردہ ایمنسٹی اسکیم سے بڑے اختلاف کا اظہار کر دیا۔ مشیر خزانہ نے ایمنسٹی اسکیم کی شرائط و ضوابط ، ٹیکس ریٹ اور سلیبز سے اتفاق نہیں کیا ۔

وزارت خزانہ حکام کے مطابق مشیر خزانہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ٹیکس ریٹ اور سلیبز پر نظر ثانی کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزرات خزانہ حکام نے امکان ظاہر کیا کہ بے نامی اثاثوں کو ظاہر کرنے پر ٹیکس ریٹ میں کمی ہو سکتی ہے۔ حکام نے مزید کہا کہ بیرون ملک سے اثاثے واپس لانے کی شرط میں بھی نرمی کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

دستاویز کے مطابق غیر ملکی اثاثوں اور رقم سے پاکستان بناؤ سرٹیفیکیٹ اور غیر ملکی کرنسی بانڈز خریدنے کی اجازت ہو گی۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ ایمنسٹی اسکیم کراچی کے تاجروں کے مطالبے پر تیار کی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں معاشی سرگرمیاں محدود ہونے کا بھی ادراک کر لیا۔ دستاویز کے مطابق کیرٹ اینڈ اسٹک پالیسی کے تحت اسکیم نافذ ہو گی۔ اسکیم سے روزگار میں اضافہ اور غربت میں کمی ہو گی۔ واضح رہے کہ اسد عمر کے وزارت خزانہ سے مستعفی ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو وزارت خزانہ کا مشیر تعینات کیا تھا اور یہ کہا گیا تھا کہ عبد الحفیظ کا یہ عہدہ وفاقی وزیر کے عہدے کے برابر ہو گا۔

گذشتہ روز موصول ہونے والی خبروں کے مطابق وفاقی مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو پہلے دن سے آئی ایم ایف کا اعتماد حاصل تھا۔ حفیظ شیخ گذشتہ ایک ماہ سے خاموشی سے وزیرخزانہ کی ذمہ داری بھی سرانجام دے رہے تھے، سابق وزیرخزانہ اسد عمر کے دورہ امریکہ میں آئی ایم ایف ٹیم کے ساتھ معاملات بگڑ گئے تھے۔سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے جب امریکا کا دورہ کیا تو انہوں نے اپنی کچھ باتوں پر کنٹرول نہیں کیا،آئی ایم ایف نے اسد عمر سے ملنے سے انکار بھی کردیا تھا۔

اسد عمر اپنا دورہ مکمل کرکے وطن واپس آئے تو انہوں نے کوئی میڈیا بریفنگ بھی نہیں دی تھی۔ جس کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ اسد عمر کو گھر بھیجنے میں آئی ایم ایف کا بھی کردار ہے۔ دوسری جانب مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ نے چارج سنبھالنے کے فوری بعد ایک منٹ ضائع کیے بغیر عالمی مالیاتی اداروں سے رابطے شروع کردیے ہیں تاکہ ملک کے معاشی مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات