ایران میں گزشتہ سال 80 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کی آمد

منگل 23 اپریل 2019 11:35

ایران میں گزشتہ سال 80 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کی آمد
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) ایران میں گزشتہ سال 80 لاکھ غیر ملکی سیاح آئے۔ایرانی ثقافتی ورثہ،دستکاری اور سیاحتی تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل برائے مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ امور محمد ابراہیم لاریجانی" نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران تقریبا 80 لاکھ غیر ملکی سیاحوں نے ایران کا رخ کیا جن میں زیادہ تر سیاح عراق اور آذربائیجان کے ممالک سے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران 20 لاکھ سے زائد عراقی سیاحوں نے ایران کا دورہ کیا ہے اور ابھی زیادہ تر عراقی سیاحوں کی آمد کیلئے ایران میں گنجائش ہے۔ لاریجانی نے کہا کہ خطے میں سیاحت کے حوالے سے ایران کیلئے بہت بڑی مارکیٹیں موجود ہیں۔ اومان اور ترکی کی مارکیٹیں بھی ان میں سے ہیں جن کے ذریعے بہت سارے سیاحوں کو ایران کی سیر کیلئے راغب کرسکتے ہیں۔ایرانی عہدیدار نے کہا کہ سیاحت کی صنعت کے فروغ کے حوالے سے ایران رواں سال کے دوران 20 مختلف غیر ملکی سیاحتی نمائشوں میں شرکت کرے گا۔

متعلقہ عنوان :