سری لنکا بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 310 ہو گئی

صدر متھری پالا سری سینا نے تحقیقات میں غیرملکی مدد لینے کا اعلان کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 23 اپریل 2019 11:27

سری لنکا بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 310 ہو گئی
کولمبو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 23 اپریل۔2019ء) سری لنکا بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 310 ہو گئی ہے، واقعے میں 500 سے زائد زخمی ہیں جبکہ پولیس نے 40 افراد اب تک گرفتار کر لیے ہیں. سری لنکن حکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں بین الاقوامی نیٹ ورک ملوث ہے، صدر متھری پالا سری سینا نے تحقیقات میں غیرملکی مدد لینے کا اعلان کردیا ہے.

حکومت کے ترجمان راجیتھا سینارتنے کے مطابق صرف مقامی لوگوں کا ایک چھوٹا گروپ ایسے حملے نہیں کرسکتا، انٹرنیشنل نیٹ ورک کی موجودگی کے بغیر یہ حملے کامیاب نہیں ہو سکتے تھے.

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان حملوں کے متعلق بین الاقوامی تعاون اور دوسرے رابطوں کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ کیسے خودکش بمبار تیار کیے گئے اور اس طرح کے بم یہاں کیسے بنائے گئے.

سری لنکا میں 21 اپریل کو ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے دھماکوں میں 7 خودکش بمبارملوث تھے، حملوں میں 310سے افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے ، پیر کی رات سے ملک میں ایمرجنسی نافذ ہے، جبکہ رات 8 بجے سے صبح 4بجے تک کرفیو بھی نافذ کیا جا رہا ہے. سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے ہولناک دہشت گرد حملوں میں ڈنمارک کے امیر ترین شخص اور اسکاٹ لینڈ کے سب سے بڑے زمیندار سمجھے جانے والے شخص آندرس ہولش پاﺅلسن کے 3 بچے بھی ہلاک ہوئے ہیں.

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آندرس ہولش دنیا کے واحد امیر ترین ڈینش باشندے ہیں اور وہ کپڑوں کے کاروبار کے ساتھ کئی کمپنیوں کے مالک بھی ہیں جبکہ گزشتہ سال انہوں نے صدیوں سے انسانوں کی وجہ سے ہونے والے ماحولیاتی بگاڑ کو درست کرنے کے لیے اسکاٹ لینڈ میں جنگلات اگانے پر لاکھوں ڈالرز خرچ کرنے کا اعلان کیا تھا. آندرس ہولش کے خاندان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہولش فیملی فوری طور پر سری لنکا جانے کا ارادہ رکھتی ہے، آندرس ہولش کے 4 بچوں میں سے 3 سری لنکا کے دھماکوں میں ہلاک ہو چکے ہیں.

واضح رہے کہ آندرس ہولش اسکاٹ لینڈ میں 2 لاکھ 21 ہزار ایکڑ زمین یعنی 1 فیصد اسکاٹ لینڈ کے مالک ہیں جبکہ فوربز میگزین نے انہیں 2018 میں امیر ترین ڈینش باشندہ قرار دیا تھا، وہ 6اعشاریہ 4ارب ڈالرز کے مالک ہیں.