شریف خاندان کے فرنٹ مین مشتاق چینی کو جیل میں قتل کی دھمکیاں

ان دھمکیوں کے پیچھے کون ہے ؟ سینئیر صحافی چوہدری غلام حسین نے بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل اپریل 11:28

شریف خاندان کے فرنٹ مین مشتاق چینی کو جیل میں قتل کی دھمکیاں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2019ء) : نجی ٹی وی چینل پر اپنے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے کہا کہ نیب کی حراست میں موجود شریف خاندان کے فرنٹ مین مشتاق چینی کو حمزہ شہباز کی جانب سے ایک پیغام بھجوایا گیا ہے کہ تم نے لوگوں سے شریف ملز سے چینی سپلائی کرنے کی مد میں ایک ارب روپیہ پکڑا ہوا ہے، تو ہم ایک کلو چینی بھی نہیں دے رہے، جن کے تم نے لوگوں کے پیسے کھائے ہوئے ہیں، کوئی بھی ہمارے پاس پیسے لینے آیا تو ہم اُسے یہی کہیں گے کہ مشتاق چینی سے لیں ۔

ہم تمہیں کنگال کر دیں گے، اگر تم نے ہمارے خلاف کچھ بھی بولا۔ چوہدری غلام حسین نے کہا کہ شریف خاندان کے لوگ پہلے بھی گواہوں کو ایسے ہی دھمکاتے رہے ہیں۔ تازہ ترین اطلاع یہ ہے کہ مشتاق چینی کو نیب کی حراست میں دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ تمہیں جلد ہی جان و مال کے لالے پڑ جائیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 8 اپریل کو لاہور ائیرپورٹ پر لاہور سے دبئی فرار ہونے کی کوشش کرنے والے شخص محمد مشتاق کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

چینی کے کاروبار سے منسلک حلقوں میں ملزم ’’مشتاق ہتھوڑا‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔مشتاق چینی حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے شہباز شریف کی رہائش گاہ پر نیب کے چھاپوں کے وقت انڈر گراؤنڈ ہو گیا تھا۔ مشتاق چینی نے سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں ساٹھ کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن بھی کی۔ لیکن شریف خاندان نے مشتاق چینی سے کوئی تعلق ہونے کی خبروں کی تردید کر دی تھی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے چوہدری غلام حسین نے مزید بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نیب کے ایک ہی سیل میں موجود ہیں اور اطلاعات ہیں کہ خواجہ سعد رفیق علیم خان کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ چونکہ پاکستان تحریک انصاف نے مشکل کی اس گھڑی میں آپ کا ساتھ نہیں دیا لہٰذا آپ جیسے ہی نیب کی حراست سے باہر نکلیں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لیں۔