دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد امارات پوسٹ کی خراب کارکردگی پر طیش میں آ گئے

سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بُری کارکردگی والے ملازمین کو برخاست کرنے کا اشارہ دے دِیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 23 اپریل 2019 12:03

دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد امارات پوسٹ کی خراب کارکردگی پر طیش میں ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،23 اپریل 2019ء) گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر کا خاصا چرچا ہے جس میں دُبئی کے ایک پوسٹ آفس میں عوام کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، اور کام سُست روی سے ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ یہ تصویر دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم کی نظروں سے گزرا تو وہ اس حکومتی ادارے کی بُری کارکردگی پر سیخ پا ہو گئے۔

شیخ محمد نے اس تصویر کو اپنی پوسٹ میں شامل کر کے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے امارات پوسٹ کو تنبیہ کی کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنالے کیونکہ وہ اس ادارے کی خراب کارکردگی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی اُنہوں نے واشگاف لفظوں میں کہا کہ اس حکومتی محکمے میں تعینات جو ملازمین اور افسران ٹھیک کام نہیں کر رہے، اُنہیں نوکریوں سے برخاست کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

شیخ راشد نے جو کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور نائب صدر بھی ہیں، انہوں نے اس ادارے کی خوب کلاس لیتے ہوئے مزید کہا کہ وہ صارفین کو بہتر سہولتیں فراہم کرے اور تمام نظام کو شفاف بناتے ہوئے اپنی کارکردگی بہتر بنائے۔انہوں نے کہا کہ خراب کارکردگی والے لوگ میری ٹیم کا حصّہ نہیں رہیں گے۔ اس طرح کی ناقص سروسز ہماری سطح کی نہیں ہیں۔ محکمہ اپنی کارکردگی کو جلد از جلد بہتر بنائے۔ عوام کی جانب سے شیخ محمد بن راشد المکتوم کے اس نوٹس کو بہت سراہا جا رہا ہے۔