پورے پاکستان میں 20 فیصد لوڈمینجمنٹ رہ گیا ہے اس پر جلد قابو پائیں گے

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کا قومی اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس کا جواب

منگل 23 اپریل 2019 13:10

پورے پاکستان میں 20 فیصد لوڈمینجمنٹ رہ گیا ہے اس پر جلد قابو پائیں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پورے پاکستان میں 20 فیصد لوڈمینجمنٹ رہ گیا ہے اس پر بھی جلد قابو پائیں گے‘ جن علاقوں میں بجلی چوری یا لائن لاسز ہیں وہاں پر لوڈمینجمنٹ مجبوری ہے‘ اس وقت کل 8610 فیڈرز میں سے 6016 فیڈرز پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہے‘ چار ماہ میں لائن لاسز اور بجلی چوری میں 2.4 فیصد کمی آئی ہے‘ 51 ارب روپے کا ریونیو زیادہ حاصل کیا‘ پیسکو میں جلد میرٹ پر 3000 ملازمین بھرتی کئے جائیں گے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں فضل محمد خان اور دیگر کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں عمر ایوب نے کہا کہ 8,610 فیڈر میں سے 6,016 فیڈرز کو کیٹگری ون اور ٹو میں لے گئے ہیں ان پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیںہے۔ چار ماہ میں ریکوری میں 1.3 فیصد اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

لائن لاسز اور بجلی چوری میں چار ماہ میں 2.4 فیصد کمی ہوئی۔ آئیسکو‘ گیسکو‘ فیسکو اور لیسکو میں لوڈمینجمنٹ زیرو فیصد ہے۔

ملتان میں 5 سے 8 فیصد لوڈ مینجمنٹ ہے جسے جلد ختم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کوئٹہ‘ سکھر‘ حیدرآباد میں لوڈمینجمنٹ ہے وہاں پر اسے ختم کرنے کیلئے تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوںنے بتایا کہ چار ماہ میں 51 ارب روپے ریونیو زیادہ جمع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جن فیڈرز پر لائن لاسز یا بجلی چوری ہے وہاں لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ حکومت نے 806 ارب روپے سرکلر ڈیٹ چھوڑا۔

انہوں نے بتایا کہ چارسدہ میں لائن لاسز 70 فیصد‘ ضیاء عمر زئی میں 90 فیصد سے زائد ہے۔ جہاں پر لائن لاسز زیادہ ہوں گے وہاں لوڈ مینجمنٹ بھی زیادہ ہوگی۔ فیڈر کو سیکیور کر رہے ہیں۔ فضل محمد خان کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پیسکو میں لائن لاسز 85 فیصد ہیں۔ یہاں سسٹم بیٹھ چکا ہے، ہم نے ٹرانسفارمر مافیا کو توڑا ہے۔ پیسکو میں 17 نجی ورکشاپیں قائم کی گئی تھیں جہاں کاغذوں میں سال میں 1700 ٹرانسفارمر کی مرمت دکھائی جاتی تھی۔

ہم نے اب ورکشاپس کو آن لائن کیا ہوا ہے۔ سب آفسز کی تعداد بڑھا رہے ہیں، گاڑیاں دی جارہی ہیں، میرٹ پر بھرتیاں کریں گے‘ صرف پیسکو میں تین ہزار افراد بھرتی کریں گے، ہم نے کنڈا سسٹم کا خاتمہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری اور کنڈا سسٹم کے خلاف 27082 ایف آئی آر درج کیں۔ 4425 لوگ گرفتار ہوئے۔ 400 سے 500 تک اپنے اہلکار جیل بھیجے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چارسدہ میں لائن لاسز 90 فیصد ہیں ہم بجلی کی لائنیں ایچ ڈی کے ساتھ تبدیل کر رہے ہیں تاکہ لائن لاسز اور کنڈا سسٹم کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ کرک میں لائن لاسز 80 فیصد جبکہ سراج بابا فیڈر میں 85 فیصد ہے۔