سعودی عرب،دنیا کے 35 ممالک میں ماہ رمضان کے دوران 70 اماموں کو بیرون ملک بھجوانے کی منظوری

منگل 23 اپریل 2019 13:51

سعودی عرب،دنیا کے 35 ممالک میں ماہ رمضان کے دوران 70 اماموں کو بیرون ملک ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) سعودی عرب کے وزیر برائے اسلامی امور،رشدوہدایت عبدالطیف الاشیخ نے دنیا کے 35 ممالک میں ماہ رمضان کے دوران نماز تراویح اور تہجد پڑھانے کے لئی70 نوجوان اماموں پر مشتمل وفود بھجوانے کی منظوری دیدی۔ رمضان المبارک کے دوران سعودی امام اکرام کو بیرون ممالک بھجوانے کی سعودی وزارت اسلامی امور،رشدوہدایت کیروایت ہے،سعودی گزٹ سے بات کرتے ہوئے سعودی وزیر برائے اسلامی امور،رشدوہدایت عبدالطیف الاشیخ نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران سعودی امام اکرام کو بیرون ممالک بھجوانے مملکت کی جانب سے دنیا بھر میں مسلمانوں کی حمایت اور ان کا خیال رکھنے کا پیغام ہے۔

انھوں نے کہاکہ ہمارے امام مسلمانوں کو حق کی راہ دکھانے کا فریضہ سرانجام دیتے ہوئے اسلام کا اصل مقصد واضح کرتے اور معاملات میں میانہ روی اور اعتدال اختیار کرنے کا درس دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لئے امام اکرام کا انتخاب شریعہ کالجز سے کیا جاتا ہے،جو دین کی صیحیح سمجھ و بوجھ رکھنے کے ساتھ حفاظ بھی ہوتے ہیں۔عبدالطیف الاشیخ نے کہا کہ یہ نوجوان امام اچھے مبلغ ہوتے ہیں کیونکہ رمضان میں عام طور مساجد میں عبادت کرنے والوں کا رش ہوتا ہے،ان کے لئے اسلام کی اصل روح کی تبلیغ کرنا زیادہ موئثر اور آسان ہو جاتا ہے،وہ اپنے قیمتی وقت کی سرمایہ کاری دوسروںکو راستہ دکھا کر اور ان کی منزلیں درست کرتے ہوئے کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ امام اسلام کی اعتدال پسند ہونے کا پیغام دینے کے ساتھ ساتھ مملکت کے دوسرے ممالک سے تعلقات کو فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔