الجزائر کی حسینہ عرب دُنیا کی ملکۂ حُسن منتخب ہو گئی

اس بار کوئی مصری حسینہ ٹاپ پوزیشنز میں جگہ نہ بنا سکی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 23 اپریل 2019 13:18

الجزائر کی حسینہ عرب دُنیا کی ملکۂ حُسن منتخب ہو گئی
الجزائر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،23 اپریل 2019ء) گزشتہ روز عرب دُنیا کی ملکہ حُسن کا مقابلہ قاہر میں منعقد ہوا جس میں مختلف عرب ممالک کی حسیناؤں نے شرکت کی ۔ اب کی بار حسین ترین عرب دوشیزہ کا ٹائٹل افریقی مُلک الجزائر کی حسینہ سمارہ یحییٰ نے جیت لیا۔ عرب حسیناؤں کے انتخاب کے اس مقابلے میں جنگ زدہ فلسطین کی حسینہ لورین امسیح دُوسری پوزیشن پر آئی۔

تیسری خوبصورت ترین عرب حسینہ کا قُرعہ مراکش کی نبیلہ عقیلی کے نام نکلا جبکہ یمن کی نرمین جعفری کو اس مقابلے میں چوتھا نمبر دیا گیا۔ حالانکہ عرب دُنیا میں مصری خواتین کو حُسن کے اعتبار سے سب سے بڑھ کر مانا جاتا ہے، مگر اس بار خلافِ توقع مصری حسینہ اس مقابلے میں پہلی چار پوزیشن حاصل کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکی۔

(جاری ہے)

البتہ مصری حسینہ یمنی سعید کو مثالی لڑکی کے اعزاز سے ضرور نوازا گیا جبکہ عراقی حسینہ شمس حمید کو مس ماڈل قرار دیا گیا۔

الجزائری حسینہ سمارہ یحییٰ کے حسینۂ عرب منتخب ہونے کی خوشی الجزائری شہریوں نے سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا بھرپور طریقے سے اظہار کیا۔ الجزائریوں نے سمارہ کی متعدد تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ جن میں اُس نے الجزائر کا روایتی لباس اوڑھا رکھا ہے تو کئی تصاویر میں وہ مغربی ، اسلامی اور افریقی طرز کا لباس زیبِ تن کیے دکھائی دے رہی ہے۔ واضح رہے کہ الجزائر میں گزشتہ کئی سالوں سے سیاسی ابتری عروج پر ہے۔ اس وقت بھی مُلک میں برسراقتدار حکمرانوں کے خلاف عوام کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ ایسے وقت میں الجزائری حسینہ کا مِس عرب منتخب ہونا عوام کے لیے ہوا کا ایک خوشگوار جھونکا ثابت ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :