شارجہ میں خراب ریڈارز کی وجہ سے عوام پریشان ہو گئے

کئی مقامات پر ایسی ٹریفک خلاف ورزی درج ہو جاتی ہے جس کے ڈرائیورز مرتکب نہیں ہوتے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 23 اپریل 2019 13:39

شارجہ میں خراب ریڈارز کی وجہ سے عوام پریشان ہو گئے
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،23 اپریل 2019ء) شارجہ میں بہت سے مقامات پر ڈرائیورز کی جانب سے شکایات سامنے آ رہی ہیں کہ انہوں نے کوئی ٹریفک خلاف ورزی نہیں بھی کی ہوتی، مگر سڑک کنارے نصب ریڈارز کی جانب سے اُن کے کھاتے میں ٹریفک خلاف ورزی درج کر لی جاتی ہے جو اُن سے زیادتی کے مترادف ہے۔ محکمہ ٹریفک کی جانب سے ان شکایات کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور مملکت بھر میں موجود تکنیکی خرابی والے ریڈارز کی نشاندہی کر کے اُنہیں صحیح ریڈارز سے بدلا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ ٹریفک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شیخ محمد بن زاید روڈ پر ایک ریڈار میں خرابی پیدا ہو گئی جس نے بغیر کسی وجہ کے ٹریفک خلاف ورزیاں کو ریکارڈ کرنا شروع کر دیا۔ واضح رہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ریڈارز فلیش کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ خراب ریڈار تسجیل ولیج کے قریب نصب کیا گیا ہے۔ جس میں اچانک خرابی آ گئی ہے جس کے باعث اس نے مقررہ حدِ رفتار کے اندر رہ کر گاڑی چلانے والوں کو بھی حدِ رفتار کی خلاف ورزی بے جا طور پر نوٹ کر لی۔

محکمہ ٹریفک کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ اس ریڈار کی جانب سے جو غلط طور پر خلاف ورزیاں نوٹ کی گئی ہیں، اُن سے ڈرائیور حضرات کو قطعاً پریشان نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ ان خلاف ورزیوں کو پولیس ریکارڈ میں درج نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی اس معاملے میں ڈرائیورز پر کوئی چالان عائد کیا جائے گا۔ اس خراب ریڈار میں آنے والی خرابی دُور کر دی گئی ہے، جس کے بعد اب یہ بالکل ٹھیک کام کر رہا ہے۔