خیبرپختونخواحکومت کا پیسکوکی طرز پراپنی ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی کے قیام کا فیصلہ

رواں سال صوبے کے 4 پن بجلی گھروں سے پیداکردہ 74میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے گی، سالانہ 1.9بلین روپے کی آمدن ہوگی، پیہور بجلی گھر کی 18میگاواٹ بجلی صنعتی شعبے کو سستے داموں فروخت کی جائے گی، نثارمحمد خان کی زیرصدارت پیڈوبورڈ کا اجلاس

منگل 23 اپریل 2019 14:05

خیبرپختونخواحکومت کا پیسکوکی طرز پراپنی ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) خیبرپختونخواحکومت نے صوبے میں اپنے وسائل سے پیداہونے والی بجلی کی ترسیل کے لئے پیسکوکی طرز پر اپنی ٹرانسمیشن اینڈڈسٹری بیوشن کمپنی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے اورآئینی طورپر نیپرا سے مذکورہ کمپنی کے قیام کے لئے لائسنس کے حصول اوردیگرلوازمات پورے کرنے کے لئے باقاعدہ طورپر پروگرام ترتیب دے دیا ہے۔

رواں سال صوبے میں تعمیر ہونے والی4 پن بجلی گھروں کی پیداکردہ74میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ سے منسلک کردی جائے گی جس سے صوبے کومجموعی طورپرسالانہ1.9بلین روپے کی آمدن ہوگی۔صوبے کے صنعتی شعبے کی ترقی کے لئے تجرباتی طورپر پیہور پن بجلی گھر سے پیداہونے والی 18میگاواٹ بجلی صنعتی شعبے کو سستے داموں فروخت کرنے کاعمل تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو)کا 30واں بورڈ آف ڈائریکٹرزکا اجلاس زیرصدارت چیئرمین بورڈ صاحبزادہ نثارمحمد خان منعقدہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری توانائی انجینئرسرفرازدرانی،ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ اخترسعید ترک،ڈپٹی سیکرٹری ہوم اکمل خٹک،پیڈوچیف ایگزیکٹو انجینئربہادرشاہ،عبداللہ شاہ،فواداسحاق،ارباب خداداد،مصورشاہ،عبدالصدیق،ڈاکٹرحسن ناصراورجنرل منیجرہائیڈل انجینئرزاہداخترصابری نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ توانائی کے ذیلی ادارے پیڈوکے انتظامی امورپر زیرحاصل بحث کی گئی اورفیصلہ کیا گیاکہ آئندہ دوایک روزمیں ایک سپیشل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ایک ماہ میں اپنی سفارشات مرتب کرکے بورڈ کو رپورٹ پیش کرے گی۔

اجلاس میں پیڈوکے آئندہ مالی سال کے اخراجات کے لئے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ادارے کی سالانہ آڈٹ رپورٹس بروقت پیش نہ کرنے پربورڈ ممبران نے سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ افسران کو خبردارکیا کہ اگست تک تمام آڈٹ رپورٹس مرتب کرکے پیش کی جائیں۔ ادارے کے مستقل سربراہ پیڈوچیف ایگزیکٹوکی تقرری کاعمل فوری شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

صوبے کی اپنی ٹرانسمیشن اینڈڈسٹری بیوشن کمپنی کے قیام پرزوردیتے ہوئے معاملے کوٹیکنیکل کمیٹی میں زیرغورلاکررپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال درال خوڑسے 36.6میگاواٹ ،رانولیا سے 17میگاواٹ، پیہور سی18میگاواٹ اورمچئی بجلی گھروں سی2.6میگاواٹ پیداکردہ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کردی جائے گی۔اجلاس کے آخرمیں چیئرمین پیڈوبورڈنثارمحمد خان نے پیڈواوراسکے بورڈ کو مزید مضبوط بنانے اورتمام فیصلے میرٹ پر کرنے پرزوردیتے ہوئے سپیشل ریفارمز اینڈ ریسٹرکچرنگ کمیٹی تشکیل دینے کافیصلہ کیااورکہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا اور مشیرتوانائی کے ساتھ مشاورت کرکے ادارے کو صوبے کا موثرخود مختارادارہ بنایا جائے گا۔