Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کیا،

جس وقت مسلح افواج اورقوم وطن کا دفاع کر رہی تھیں اس وقت بلاول بھٹو زرداری بھارت کا مقدمہ لڑ رہے تھے وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کا قومی اسمبلی میں اٹھائے گئے نکات کا جواب

منگل 23 اپریل 2019 14:53

وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کیا،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ جس وقت پاکستان کی مسلح افواج اورقوم وطن کا دفاع کر رہی تھیں تو اس وقت بلاول بھٹو زرداری بھارت کا مقدمہ لڑ رہے تھے‘ مودی کو اپنی نواسی کی شادی میں بلانے والے اور جندال کو بغیر ویزے کے مری لے جانے والے وزیراعظم عمران خان کے خلاف باتیں کررہے ہیں‘ ماضی کے حکمران امریکہ اور دیگر ممالک میں بیٹھ کر پاکستان کی سرزمین دہشتگردی کے لئے استعمال ہونے کا اعتراف کرتے رہے‘ بلاول اس وقت ابو بچائو تحریک چلا رہے ہیں‘ ان کے صدقے کے بکرے اور آکسفورڈ کی فیس بھی پاکستانی قوم کے پیسوں سے ادا ہوئی ہے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں حنا ربانی کھر کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کیا، کل تک امریکہ ڈو مور کا مطالبہ کر رہا تھا آج امریکہ کہہ رہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پاکستان کا مقدمہ لڑا ہے، بھارت نے ہمارے دو درخت اکھاڑے ہم نے ان کے دو طیارے مار گرائے۔

مراد سعید نے کہا کہ جب مسلح افواج اور قوم پاکستان کا دفاع کر رہی تھیں تو اس وقت بلاول بھٹو زرداری بھارت کا مقدمہ لڑ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ باتیں وہ لوگ کر رہے ہیں جو مودی کو اپنی نواسی کی شادی میں بلاتے ہیں، سجن جندال کو بغیر ویزے کے مری لے جایا جاتا ہے۔ جب بھارت جاتے ہیں تو حریت رہنمائوں سے ملاقات نہیں کرتے، حسین حقانی آج بھی پاکستان کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کی حکومت نے انہیں امریکہ میں سفیر مقرر کیا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو پرچی کی بنیاد پر بننے والا حادثاتی سیاستدان ہے جو پاکستان میں بھارت کا مقدمہ لڑ رہا ہے، جب پاکستان بھارت کے دو طیارے مار گرا رہا تھا تو اس وقت بلاول بھٹو زرداری کہہ رہا تھا کہ پاکستان دہشتگردوں کو پناہ دے رہا ہے۔

خرم دستگیر اور حنا ربانی کھر نے آج ایوان میں بات کی ہے‘ ہم ان کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ جب کلبھوشن یادیو کو سیکیورٹی اداروں نے گرفتار کرلیا تو اس وقت انہیں کلبھوشن کا نام لینے میں شرم محسوس ہوتی تھی۔ خواجہ آصف جب امریکہ جاتے تھے تو کہتے تھے کہ پاکستان دہشتگردوں اور کالعدم تنظیموں کو پناہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بلاول سے سوال کیا جاتا ہے کہ ایک سال کی عمر میں وہ ایک کمپنی کے ڈائریکٹر کیسے بن جاتے ہیں ان کے پاس جواب نہیں ہوتا، احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

آکسفورڈ میں تعلیم کے دوران فیس بھی پاکستانی قوم کی جیبوں سے گئی ہے وہ فیس ہم واپس لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب فالودے والے اور ریڑھی والوں کے اکائونٹ سے اربوں روپے ملتے ہیں تو بلاول کو غصہ آتا ہے‘ کل انہوں نے ایوان میں عمران خان کے والد کو نشانہ بنایا لیکن وہ بھول گئے کہ وہ اس وقت ابو بچائو تحریک چلا رہے ہیں۔ ان کے والد دنیا میں مسٹر 10 پرسنٹ کے نام سے مشہور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وزیراعظم بننے سے دنیا میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ ملائیشیا‘ ایران‘ متحدہ عرب امارات‘ سعودی عرب اور جہاں بھی عمران خان جاتے ہیں وہاں پاکستان کی عزت ہوتی ہے۔ عمران خان نے بے گھروں کے لئے پناہ گاہیں بنائیں لیکن تھر میں دو سال کے عرصے میں 15سو بچے مر گئے۔ سندھ ہائی کورٹ میں ان کے آئی جی خود رپورٹ جمع کراتے ہوئے اعتراف کرتے ہیں کہ پولیس اہلکار بھتہ خوری میں ملوث ہیں۔

مراد علی شاہ کے حلقے میں جب دھماکہ ہوتا ہے تو زخمیوں کو لے جانے کے لئے ایمبولینس موجود نہیں ہوتی۔ کل کراچی میں غلط انجکشن لگنے سے ایک معصوم بچی بلک بلک کر انتقال کر گئی۔ یہ سب ان کے منہ پر ایک طمانچہ ہے۔ سٹیٹ بنک کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ غربت ہے۔ جو لوگ آج نعرے لگا رہے ہیں ان سے میں یہ کہتا ہوں کہ شرم و حیا بھی کوئی چیز ہوتی ہے۔

پیپلز پارٹی کا چیئرمین وصیت اور پرچی کی بنیاد پر آگے آیا ہے جو ایک لفظ بھی پرچی کے بغیر نہیں بول سکتا۔ ان کے ایک ایک نوالے میں بھی ان کی ذاتی محنت شامل نہیں ہے۔ ان کی جیبوں میں سندھ کے غریبوں کا پیسہ ہے۔ سندھ میں تعلیم‘ علاج‘ پولیس‘ سڑکیں سب کچھ تباہ ہوگیا ہے اور ان کا پیسہ زرداری اور ان کے خاندان کی جیب میں ہے۔ ان کا منشور یہی ہے کہ ہر سڑک اور ہر منصوبہ بے دھڑک کھائو ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول سن لیں کہ ان کی چوری پکڑی جا چکی ہے‘ احتساب شروع ہو چکا ہے۔ یہ جتنی مرضی شور مچائیں ان کی جیبوں سے قوم کا پیسہ واپس نکالیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات