وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور صوبائی وزیر تعمیرات اکبر ایوب نے کلنجر میں سڑک کے تعمیراتی کام کا افتتاح کر دیا

منگل 23 اپریل 2019 15:00

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور صوبائی وزیر تعمیرات اکبر ایوب نے کلنجر ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) وفاقی وزیر توانائی و پٹرولیم عمر ایوب خان اور صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات اکبر ایوب خان نے ہری پور کی دور افتادہ یونین کونسل کلنجر کے گائوں کھیری میں سڑک کے تعمیراتی کام کا افتتاح کر دیا ہے، منصوبہ ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب خان اور اکبر ایوب خان نے کہا کہ وہ ہری پور کو ماڈل ضلع بنانے کیلئے مختلف ترقیاتی سکیمیں لا رہے ہیں، عوام کا معیار زندگی بلند کرنا ان کا اصل مشن ہے، رمضان کے بعد کلنجر میں سوئی گیس سکیم کا افتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کا فیڈر، ٹرانسفارمرز اور پولز فراہم کر کے بجلی کے مسائل بھی مستقل بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے اپنے خطاب کے دوران ملکی صورتحال سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومتوں کی نااہلی کی بدولت ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، 2007ء تک مجموعی ملکی قرضے 7 ہزار ارب روپے تھے جو پی پی پی کے پانچ سالہ دور ِحکومت میں 15 ہزار ارب روپے ہوئے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں یہ قرضے 30 ہزار ارب روپے تک پہنچ گئے، مسلم لیگ (ن) نے صرف ایک سال میں واپڈا کو 806 ارب کا مقروض کیا اور ساڑھے چار سو ارب روپے کی بجلی سکیمیں ان علاقوں کی دی گئیں جہاں سرے عام بجلی چوری کی جاتی ہے اور سابق حکومتوں نے بجلی چوری روکنے کا کوئی طریقہ کار وضع نہیں کیا جس کا خمیازہ بل ادا کرنے والے صارفین بھگت رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کام کا آغاز کر دیا ہے، صرف ساڑھے چار ماہ کے مختصر عرصہ میں واپڈا نے 51 ارب روپے کی آمدن کی ہے، بجلی چوری روکنے کیلئے 30 ہزار ایف آئی آرز درج کروائی گئی ہیں اور ساڑھے چار ہزار بجلی چور گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالے ہیں، بجلی چور چاہے کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو لیکن اسے سلاخوں کے پیچھے بند کریں گے، بجلی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، غریب امیر کا فرق مٹا کر ہی ملک طاقتور ہو گا۔

عمر ایوب خان نے مزید کہا کہ لوگ اطمینان رکھیں اب ملک بدل رہا ہے، دشمن ملک کے سربراہ مودی نے دھمکی دی اور بعد ازاں رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا لیکن پاکستان کی جرات مند سیاسی و عسکری قیادت نے 24 گھنٹوں کے اندر جواب دیتے ہوئے بالاکوٹ کے 11 درختوں اور ایک کوے کے بدلے میں دو طیارے مار گرائے۔ انہوں نے اہلیان علاقہ سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ دو وزارتوں میں ذمہ داریاں نبھانے کی وجہ سے کئی جگہوں پر لوگوں کے دکھ سکھ میں شریک نہیں ہو سکتا اس لئے معذرت خواہ ہوں۔