Live Updates

لوکل گورنمنٹ بل پر اپوزیشن کا شور قبل از وقت تھا،ابات کرنے اور ترامیم دینے کا موقع فراہم کیاجائیگا‘ راجہ بشارت

پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں نے وزیر اعلی پنجاب پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس کے بعد کوئی بات باقی نہیں رہ جاتی‘ وزیر قانون

منگل 23 اپریل 2019 15:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) صوبائی وزیر قانون وبلدیات راجہ بشارت نے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ بل پر اپوزیشن کا شور قبل از وقت تھا،اپوزیشن کو بات کرنے اور ترامیم دینے کا موقع فراہم کیاجائیگا،بل کو آئین و قانون کے ضابطے کے مطابق منظور کرائیں گے ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ بشارت نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ اسمبلی کے اختیارات میں اضافہ کریں، اسٹینڈنگ کمیٹیوںکو مضبوط کیاہے۔

اپوزیشن بوکھلاہٹ کاشکار ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ سیڑھیوں پر گونواز گو کے نعرے لگائے گئے۔اپوزیشن قیادت کی کرپشن چھپانے کے بجائے اسمبلی کیلئے کرداراداکریں۔ انہوںنے کہاکہ اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے حوالے سے تناسب کے مطابق اتفاق ہوا اور باقی معاملات بھی حل کئے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں نے وزیر اعلی پنجاب پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس کے بعد کوئی بات باقی نہیں رہ جاتی،علیم خان کی ضمانت کا معاملہ عدالت میں ہے ،حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوںنے کہاکہ اسمبلی قانون سازی کرتی ہے اورہم اسی حق کواستعمال کررہے ہیں ،حکومت کو ڈکٹیٹ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ قانون سازی کرنا حکومت کا کام ہے ۔نئے بل میں تحصیل یا ڈسٹرکٹ چیئرمین کو ہٹانے کا طریق کار دوتھرڈ میجورٹی کے تحت ہی ہوگا تاہم منتخب نمائندے کے خلاف پہلے اور آخری سال تحریک عدم اعتماد نہیں لائی جا سکتی۔ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل اتفاق رائے کے بعدپیش کیاجائے گا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات