حمریہ فری زون اتھارٹی پاکستانی کاروباری برادری کو متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے، ہماجاوید

منگل اپریل 17:12

حمریہ فری زون اتھارٹی پاکستانی کاروباری برادری کو متحدہ عرب امارات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) حمریہ فری زون اتھارٹی متحدہ عرب امارات پاکستانی کاروباری برادری کو یو اے ای میں ایس ایم ایز اور نئے کاروبارکے لئے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کررہی ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ پاکستانی تاجروں کو فائدہ اٹھانا چاہئیے۔ ان خیالات کا اظہار حمریہ فری زون اتھارٹی یو اے ای میں پاکستان کی نمائندہ ہماجاوید نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے سابق صدر ملک طاہر جاوید ، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین عاطف اکرام، چودھری اورنگزیب اسلم اورارشد خان بھی موجود تھے۔ ہما جاوید نے کہا کہ حمریہ فری زون ا تھارٹی شارجہ میں بہترین کاروباری مواقعوں کا حامل دوسرا بڑا صنعتی زون ہے جس میں 7 ہزار کے قریب صنعتیں اور کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حمریہ فری زون میں کمپنی رجسٹریشن کا عمل بے حد آسان ہے، دستاویزات مکمل کرنے کے بعد صرف ایک گھنٹے میں کمپنی رجسٹرڈ ہو جاتی ہے۔

لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ گلوبلائزیشن کے دور میں نئی مارکیٹوں کو تلاش کرنے اور ان کو برقرار رکھنے کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، مختلف عالمی مقامات پر سٹوریج ہائوسز اور پروڈکشن یونٹس قائم کرنے کے ذریعے مطلوبہ مقاصد حاصل کیے جاسکتے ہیں، ایسے فری زونز میں سرمایہ کاری کے ذریعہ عالمی سطح پر کاروبار میں اضافہ میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمریہ فری زون میں کچھ کلیدی خصوصیات ہونے کے باعث سرمایہ کاری اور تجارت کیلئے مثالی منزل ثابت ہو سکتا ہے۔