چینی کمپنی کےاورنج لائن کے پیکج2 اور3 کےتعمیری معیارپرتحفظات

قوم کو1.6 بلین ڈالرن لیگ کی بھاری شاہ خرچی پراورکتنی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ ق لیگ کے مرکزی رہنماء چودھری مونس الٰہی کا ٹویٹ

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ منگل اپریل 17:05

چینی کمپنی کےاورنج لائن کے پیکج2 اور3 کےتعمیری معیارپرتحفظات
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اپریل 2019ء) پاکستان مسلم لیگ(ق) کے مرکزی رہنماء چودھری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ چینی کمپنی نےاورنج لائن کے پیکج2 اور3 کے تعمیری معیارپر تحفظات کا اظہار کیا، قوم کو1.6 بلین ڈالرن لیگ کی بھاری شاہ خرچی پر اور کتنی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ چودھری مونس الٰہی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اورنج لائن کے پیکج 2 اور3 کے تعمیری معیار پر چینی کمپنی کو تحفظات ہیں۔

چینی کمپنی نے ن لیگ کے لگائے مقامی ٹھیکیدارکے کام پر شدید اظہارعدم اطمینان کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ قوم کو1.6 بلین ڈالر کی اس ن لیگی بھاری شاہ خرچی کی اور کتنی بڑی قیمت ادا کرنا ہوگی؟
دوسری جانب انیس اپریل کو سپریم کورٹ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کیس میں ریمارکس دیے ہیں کہ ایسا نہ ہو کہ اورنج لائن منصوبہ دھڑام سے نیچے آگرے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے 3 تعمیراتی کمپنیوں سے ایک ایک کروڑ کی گارنٹی مانگتے ہوئے کہا کہ 20 مئی تک کام مکمل نہ ہوا تو گارنٹی ضبط کر لی جائیگی۔ عدالت نے جسٹس ریٹائرڈ جمشید یا جسٹس عبد الستاراصغر کو ٹیکنیکل کمیٹی کا سربراہ بنانے کی ہدایت کی۔

جسٹس گلزار احمد نے پراجیکٹ ڈائریکٹر فضل حلیم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کی وجہ سے کام تاخیر کا شکار ہوا ہے۔ کنٹریکٹر کام نہیں کرتے تو انہیں اٹھا کر پھینک دیں جیل میں ڈال دیں، پراجیکٹ ڈائریکٹر تعمیراتی کمپنیوں سے بلیک میل ہورہے ہیں، تینوں تعمیراتی کمپنیاں ایک ارب کی گارنٹی دیں، مقررہ تاریخ تک کام مکمل نہ ہونے پر گارنٹی ضبط ہوگی۔

تعمیراتی کمپنی کے وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ ایک ارب کی گارنٹی نہیں دے سکتے، آپ میرے مئوکل کو جیل بھیج دیں۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ منصوبے پر تعمیراتی کام کی کوالٹی چیک کرنے کا میکنزم ہے یا نہیں، ایسا نہ ہو کہ پراجیکٹ دھڑام سے نیچے آگرے۔ سپریم کورٹ نے تعمیراتی کمپنیوں سے ایک ایک کروڑ کی گارنٹی طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتے تک ملتوی کردی۔