گورنر سندھ کا کورنگی کریک میں واقع باریٹ ہاڈسن یونیورسٹی کا دورہ

فائونڈیشن کے تحت 2 کالجز ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چل رہے ہیں جبکہ تیسرے ایمرجنگ سائنس کالج کا افتتاح 2020 تک کیا جائے گا، گورنرسندھ کو بریفنگ

منگل 23 اپریل 2019 18:36

گورنر سندھ کا کورنگی کریک میں واقع باریٹ ہاڈسن یونیورسٹی کا دورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کورنگی کریک میں واقع باریٹ ہاڈسن یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ گورنر سندھ نے وہاں پر موجود مختلف فیکلٹیز کا معائنہ کیا، جبکہ یونیورسٹی میں گورنر سندھ کو ایڈمنسٹریشن آفس، کلاس رومز، لائبریری اور تحقیقی لیب کا معائنہ بھی کرایا گیا۔ یونیورسٹی کی چانسلر ڈاکٹر ارم آفتاب نے یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق سے متعلق گورنر سندھ کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی کا قیام سلیم حبیب ایجوکیشن فائونڈیش کے تحت رکھا گیا ہے۔

یونیورسٹی میں تحقیق کے فروغ کے حوالے سے مختلف فیکلٹیز کے لئے 21 لیبارٹریز موجود ہیں، جبکہ 5 فیکلٹیز کے تحت 6 مختلف پروگرامز جاری ہیں، طلباء و طالبات اور فیکلٹی کی تربیت کے لئے ہر 15 دن کے بعدماہرین کے سیشن کا انعقاد کیا جاتا ہے ، تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ اسپورٹس اور دیگر سماجی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ کو مزید بتایا گیا کہ فائونڈیشن کے تحت کراچی میں قائم یونیورسٹی کے علاوہ 2 کالجز ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چل رہے ہیں جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیسرے ایمرجنگ سائنس کالج کا افتتاح 2020 تک کیا جائے گا۔

بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے فیکلٹیز اور طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کرانے کے لئے انتہائی نا گزیر ہے جبکہ یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ہونے والی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تحقیق سے یونیورسٹی کو ممتاز مقام حاصل ہورہا ہے ۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ہی ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم کا ویژن ہے کہ ملک کی معیشت کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا جائے جس کے لئے کچھ مشکل فیصلے بھی کرنا ہوں گے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب ثابت قدم رہتے ہوئے ملک کی معاشی ترقی اور اس کے استحکام میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم بڑی سوچ رکھیں گے تب ہی کچھ بڑا کر پائیں گے۔ نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کو اپنی آنے والی زندگی میں سب سے مقدم پاکستان کی عزت و قار کو رکھنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے اوورسیز پاکستانی اپنی سرمایہ کاری ملک میں لائیں حکومت ان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی جبکہ صوبہ بالخصوص کراچی میں سرمایہ کاری کے حوالے بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی بیرونی و اندرونی سرمایہ کاروں کے لئے ایک آئیڈیل شہر ہے جبکہ یہاں پر معاشی ،اقتصادی ، تجارتی ، کاروباری، سماجی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہونا سازگار ماحول ہونے کا ثبوت ہے۔