ذکر رسول قلوب و اذہان کو منور کرتا ہے ،پیر حسان حسیب الرحمن

قرب الہی کے لیے ذکر مصطفٰی کو چار سو بلند کرنا ہی درگاہ عید گاہ شریف کا مطمع نظر ہے ،پیر نقیب الرحمن

منگل 23 اپریل 2019 18:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ ذکرِ مصطفی وہ عظیم ذکر ہے جس کو بلند فرمانے کا اعلان ربِ رحمان نے خود فر مایا ہے، ذکرً مصطفی کی محافل میں قلوب پر سکون و اطمینان نازل ہوتا ہے وہیں، یہ محافل ایک دوسرے کے دکھ درد میں کام آنے ، اخوت، رواداری، بھائی چارے اور امن و سلامتی کو فروغ دینے والی محافل ہیں۔

وطنِ عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑسے اٴْکھاڑ پھینکنے کے لئے ہمیں گلی گلی، محلہ محلہ ، نگرنگر اور شہر شہر اس ذکرِ پاک کو عام کرنا ہو گا،ہم اپنی زندگیوں کو سنت نبوی کے تابع بنا کر دین و دنیا کی کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ شب عید گاہ شریف میں آںحضور کے عیسوی یوم دلادت کی مناسبت سے منعقدہ ’’عالمی یوم میلاد مصطفیٰ ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ میلاد مصطفی کا یہ تقاضا ہے کہ ہم اپنے دل کی گلیوں میں بھی عشقِ رسولِ مقبول کے چراغ روشن کر لیں کیونکہ اتباعِ رسول کریم ہی اصلِ ایمان اور اصل دین ہے۔محفل کے موقع پر نامور قراء اورعالمی شہرت یافتہ ثنا خوان مصطفیٰ نے شرکائے محفل پر سحر طاری کیے رکھا ۔پیر نقیب الرحمن نے اپنے خطاب میں کہاکہ ذکر مصطفٰی قلوب کو پاکیزہ ، اذہان کو کشادہ اور جسمانی و روحانی تطہیر کا عمل عظیم ہے ،دور حاضر کے فتنہ و فساد کے خاتمہ اور قرب الہی کے لیے ذکر مصطفٰی کو چار سو بلند کرنا ہی درگاہ عید گاہ شریف کا مطمع نظر ہے ۔

’’عالمی یوم میلاد مصطفیٰ ‘‘ سے دیگر جید علمائے کرام اور مشائخ عظام نے بھی خطاب کیا اور نبی اکرم کی شان و منزلت بیان کرتے ہوئے کہاکہ حضور نبی کریم امن کے داعی اور اللہ رب کریم کے عظیم المرتبت پیغمبر ہیں جن کی تعلیمات امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں ۔مقررین نے اس موقع پر ملک میں قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک افواج کے کردار کو سراہا اور کہاکہ دین اسلام کے علمبردار تمام محب وطن پاکستانی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وطن کی ناموس کی خاطر مر مٹنے کو تیار ہیں۔

’’عالمی یوم میلاد مصطفیٰ ‘‘ میں فیصل واڈا ،سابق وزیرا عظم پرویزاشرف،پیر حبیب اللہ شاہ گھمگول شریف ،پیر ساجد الرحمن بگھار شریف ،دیوان احمد محمود چشتی پاکپتن شریف ،پیر امین الحسنات سجادہ نشین بھیرہ شریف ،پیر خواجہ غلام قطب الدین گڑھی شریف ،پیر شمس الامین مانکی شریف سینٹر پیر عبدالمالک لنڈی کوتل ،پیر سید علی حسین شاہ ملتان ،پیر سعادت علی شاہ آف چورہ شریف ،پیر حیدر شاہ ملتان ،شیخ راشد شفیق ،علامہ طاہر اشرفی ،خرم پرویز ،دانیال عزیز سمیت دیگر مذہبی ،سیاسی ،سماجی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں عاشقان رسول بھی موجود تھے ۔محفل کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی ترقی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی