زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی طالبہ پونم رانا کی تیارکردہ شاہکار پینٹنگز کی نمائش

منگل 23 اپریل 2019 18:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) :زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی طالبہ پونم رانا کی تیارکردہ شاہکار پینٹنگز کی نمائش یونیورسٹی کے اقبال آڈیٹوریم میں ہوئی۔ آورڈاٹ پروڈکشن اور مالیکولرکیئر کے اشتراک سے سجائی گئی نمائش کا افتتاح یونیورسٹی کے پرووائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے پروفیسرڈاکٹر عامر جمیل‘ آورڈاٹ پروڈکشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر صباریاض ‘ معروف آرٹسٹ شفیق‘ فدا حسین اور انچارج انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنسز ڈاکٹر عائشہ ریاض کے ہمراہ کیا۔

نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہاکہ مصور اپنے جذبات و احساسات کے اظہار کیلئے رنگوں کا سہارا لیتا ہے اوراس طرح کی نمائشیں مایوسی اور پریشانیوں میں گھرے ہوئے سینکڑوں لوگوں کیلئے مسکرانے اوراللہ تعالی کی دستیاب نعمتوں کا شکربجا لانے کی راہ ہموار کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پونم رانا کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری میں ہی مصور نے اپنی صلاحیتیوں کابھرپور اظہار کیا ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ مستقبل میں پونم اس ملک کا نام بین الاقوامی سطح پر بھی روشن کرے گی۔

مالیکولرکیئر کے روح رواں پروفیسرڈاکٹر عامر جمیل نے کہا کہ نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کا معیار مصورکے پختہ اور میچور ہنر کی ترجمانی کے ساتھ ساتھ اس طرف بھی اشارہ کرتا ہے کہ ایک مصور اپنے زیرتحقیق معاملات کو کس زاویہ نگاہ سے دیکھتا اور محسوس کرتا ہے۔