سری لنکا میں دہشتگردانہ حملہ انتہائی قابل مذمت ہے ، سید علی گیلانی

ڑ*قتل عام میں ملو ث لوگ کسی بھی طور پر انسان کہلانے کے لائق نہیں ، بیان

منگل 23 اپریل 2019 20:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2019ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ’’گ، گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی سری لنکا میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 290 معصوم افراد کی ہلاکت اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کے زخمی ہونے اپنی گہری تشویش اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی سینے میں دل رکھنے والا انسان نہتوں کا قتل عام دیکھ کر دکھ محسوس کئے بنا نہیں رہ سکتا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ سری لنکا کے عوام نہیں ، بلکہ پوری انسانیت کے خلاف حملہ ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

(جاری ہے)

حریت راہنما نے کہا کہ ہمارے نزدیک ایک معصوم انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے جبکہ ایک معصوم کی زندگی بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے برابر ہے اور جو لوگ بھی اس قتل عام میں ملوث ہیں وہ کسی بھی طور انسان کہلانے کے لائق نہیں ہیں ۔

انہوں نے مرنے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان افراد کے غم میں برابر کے شریک ہیں دریں اثناء ریاست کی دیگر سیاسی و سماجی ، مذہبی تنظیموں نے بھی اپنے بیانات میں سری لنکا میں ہوئے بم دھماکوں میں مارے گئے افراد کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔ ۔