متحدہ عرب امارات میں آئندہ دو دنوں میں مٹی کا شدید طوفان اور گرد آلود بادل چھائے رہنے کا امکان

خلیج عرب میں تند و تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے سمندر کی صورتحال نا گفتہ ہوجائے گی، محکمہ موسمیات

منگل 23 اپریل 2019 21:23

متحدہ عرب امارات میں آئندہ دو دنوں میں مٹی کا شدید طوفان اور گرد آلود ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2019ء) متحدہ عرب امارات میں آئندہ دو دنوں میں مٹی کا شدید طوفان اور گرد آلود بادل چھائے رہنے کا امکان ہے ، ساتھ ہی ساتھ درجہ حرارت میں بھی کمی واقع ہوگی۔تفصیلات کے مطابق دبئی کے محکمہ موسمیات نے اپنے روز مرہ کی موسمی پیشن گوئیوں میں کہا ہے کہ خلیج عرب میں تند و تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے سمندر کی صورتحال نا گفتہ ہوجائے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔محکمہ موسمیات نے سمندر میں شوقیہ جانے والے افراد کو تنبیہہ کی ہے کہ ان دنوں میں سمندر کا غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کیا جائے اور اگر جائیں تو ہر ممکن احتیابی تدابیر استعمال کریں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے تک سمندر کی موجوں میں تندی رہے گی ، چھ سے آٹھ فٹ اونچی لہریں اٹھنے کا امکان ہے جبکہ یہ اونچائی دس فٹ تک بھی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان ہواوں کے سبب شہر کا موسم گرد آلود اور ابر آلود رہے گا جبکہ درجہ حرارت میں بھی واضح کمی واقع ہوگی اور یہ سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہے گا۔ یو اے ای کے درجہ حرارت میں گزشتہ ہفتے کے روز معمولی اضافہ دیکھا گیا تھا۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ساحلی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28-31 سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ کم از کم 20-23 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ملک کے پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت کم از کم 17 اور زیادہ سے زیادہ 27 رہے گا۔گرد آلود ہواوں اور مٹی کے طوفان کیسبب سڑکوں پر حد نگاہ انتہائی کم ہوجائے گی اور گرد کا یہ طوفان جمعرات تک جاری رہے گا، تاہم جمعرات سے تیز ہواوں کا زور ٹوٹنا شروع ہوگا جس سے خلیج عرب اور بحیرہ عمان میں صورتحال معمول پر آجائے گی۔