داعش نے سری لنکا میں حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی

ہلاک شدگان میں کم از کم 45بچے بھی شامل ہیں،اقوام متحدہ

منگل 23 اپریل 2019 21:28

بیروت،جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2019ء) دولت اسلامیہ گروپ (داعش ) نے سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر ہونیوالے سلسلہ وار بم دھماکوں و خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جس میں 320سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔

(جاری ہے)

فرانسیسی خبررساںادارے اے ایف پی کے مطابق آئی ایس کی پروپیگنڈہ نیوز ایجنسی آماق کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ سری لنکا میں دو روز قبل ہونیوالے حملے جن میں امریکی قیادت میں اتحاد کے ارکان ا ور عیسائیوں کو نشانہ بنایاگیا تھا،دولت اسلامیہ کے جنگجوئوں نے یہ حملے کئے ہیں ۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں ہونیوالے حملوں میں ہلاک ہونیوالے 320سے زائد افراد میں کم از کم 45بچے بھی شامل ہیں ۔اقوا م متحدہ کے بچوں سے متعلق ادارے یونیسف کے ترجمان کرسٹوف بولیریق نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ مجموعی طور پر 45بچے ابھی تک ہلاک ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اتوار کو ہونیوالے حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے کیونکہ مزید کئی زخمی ملک بھر میں ہسپتالوں میں زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں ۔