ضلعی انتظامیہ، پولیس کے مشترکہ اشتراک سے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے آگاہی مہم کا آغاز

منگل 23 اپریل 2019 23:49

رحیم یار خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے مشترکہ اشتراک سے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے آگاہی مہم کا آغاز، جس کے تحت چھوٹی عمر کے بچوں ، نوجوانوں پر موٹر سائیکل چلانے پر پابندی برقرار ، ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر ہیلمٹ پہننے کے پابند ہو ں گے۔ ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول فروخت کرنے پر پابندی ، ڈپٹی کمشنرنے دفعہ 144 نافذ کردی۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل اور ڈی پی او عمر سلامت نے شہریوں میں ہیلمٹ تقسیم کئے ڈی ایس پیز ٹریفک فیاض احمد پنسوتہ ، سٹی عباس اختر ، انچارج ٹریفک پولیس سید توقیرشاہ ، ایس ایچ او اے ڈویڑن اور شہریوں کی کثیر تعداد کی تقریب میں شرکت۔ تفصیل کے مطابق شہریوں کو موٹر سائیکل کی سواری کے دوران ہیلمٹ کی پابندی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلہ میں گزشتہ روز سٹی پل پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل ، ڈی پی او عمر سلامت ، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس فیاض احمد پنسوتہ اور انچارج ٹریفک پولیس ضلع رحیم یارخان سب انسپکٹر توقیر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جان کا کوئی متبادل ہے اور نہ ہی اس کے نقصان کو کسی صورت ازالہ ہوسکتا ہے اس لیے موٹر سائیکل سوار دوران موٹر سائیکل ڈرائیونگ ہیلمٹ کا استعمال اپنے اوپر فرض کرلیں تاکہ وہ کسی بھی حادثہ کی صورت میں ہر قسم کی سنگین صورت حال سے محفوظ رہ سکیں یہ ان کے لیے خود اور ان کے خاندان کے لیے بہت بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کم عمر بچے اور نوجوان موٹر سائیکل اور موٹر کار کی ڈرائیونگ سے دور رہیں کیونکہ پر جوش عمر کی وجہ سے وہ ہر قسم کے نقصان کو بالا تاک رکھتے ہوئے من چاہی سپیڈ اور طریقہ کار سے ڈرائیو کرتے ہیں جو کہ سینکڑوں جانوں کو نگل چکا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنرجمیل احمد جمیل اور ڈی پی او عمر سلامت ، سیکرٹری آر ٹی اے ریاست علی ، ڈی ایس پیز ٹریفک فیاض احمد پنسوتہ ، سٹی عباس اختر ، انچارج ٹریفک پولیس سید توقیر شاہ ، ایس ایچ او اے ڈویڑن اظہر اقبال ، چوہدری محمدبوٹا طاہر ، شیخ فضل کریم و دیگر کے ہمراہ راہ گیر موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ تقسیم کئے اور انہیں اس کی افادیت کے بارہ میں آگاہی لٹریچر فراہم کیا۔