ملک بھر میں تیز آندھی، طوفان اور بارش کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم

سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں طوفانی آندھی اور بارش کی وجہ سے آدھے سے زیادہ ملک اندھیرے میں ڈوب گیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 23 اپریل 2019 23:31

ملک بھر میں تیز آندھی، طوفان اور بارش کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اپریل2019ء) ملک کے مختلف شہروں میں تیز آندھی، طوفان اور بارش کے باعث نظامِ زنگی مفلوج ہو گیا ہے۔ آندھی کی وجہ سے بہت سے گریڈ سٹیشن سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے جبکہ سینکڑوں فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں جس کی وجہ سے ملک کے آدھے سے زیادہ حصے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان، قصور، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، سیالکوٹ اور بہت سے شہروں میں شدید آندھی کی وجہ سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

لاہور کے علاقوں ٹاؤن شپ،ایمپرس روڈ، ایجرٹن روڈ، گڑی شاہو، مال روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، اچھرا، نشاط قالونی، مزنگ میں شدید آندھی کی وجہ سے لیسکو کے 100سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ہے۔ سیالکوٹ، پسرور کے علاقے میں آندھی اور طوفان کے ساتھ تیز بارش بھی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ اسلام آباد میں بھی چوفانی آندھی کے باعث بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے۔ محکمہ صحت نے پہلے ہی منگل کی رات ملک بھر میں تیز آندھی اور بارش کی پیشن گوئی کی تھی۔