Live Updates

پی ٹی آئی کو ایک اوردھچکا

بلوچستان کی اتحادی پارٹی نے ساتھ چھوڑنے کا اعلان کر دیا

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 24 اپریل 2019 07:28

پی ٹی آئی کو ایک اوردھچکا
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2019ء)   خیبر پختونخوا سمیت ہر صوبے اور وفاق میں بھی پی ٹی آئی کو چند ووٹ دوسری پارٹیوں سے لینے پڑے تھے۔اسی طرح بلوچستان میں بھی انہیں بلوچستان نیشنل پارٹی کے ساتھ اتحاد کر کے حکومت میں آنا پڑا۔تاہم اب بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے حکومت سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے صدر سردار اختر جان مینگل نے کہاہے کہ ان کی جماعت کا حکومت کے ساتھ اتحاد اگست میں ختم ہو جائے گا اور پارٹی اپنی راہیں جدا کرنے میں آزاد ہوگی کیونکہ طے شدہ معاہدے کے مطابق اتحاد کی مدت ختم ہو رہی ہے۔

انہوں نے حکمران جماعت پی ٹی آئی کے رویے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ گزشتہ سال کیے گئے وعدے کے مطابق حکومت بی این پی (مینگل) اور بلوچستا ن کے عوام کے تحفظات اور ان کے مسائل کے حل کیلئے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے قیام پر اتفاق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کیا تھا۔

بی این پی (مینگل) نے کمیٹی کیلئے چار ارکان کو نامزد کیا لیکن حکومت نے اب تک اس حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھایا اور ارکان نامزد نہیں کیے۔ اختر مینگل نے حکومت کے اس رویے پر افسوس کا اظہار کیا۔اس بیان سے قبل اختر مینگل یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر بلوچستان کے معاملے پر اور ساتھ ہی ریکو ڈک اور گوادر کے معاملے پر فیصلے کرتے وقت نظرانداز کیا گیا تو ان کی جماعت حکمران جماعت کے ساتھ اتحاد ختم کر سکتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے چار ووٹوں کے فرق سے حکومت تشکیل دی جبکہ بی این پی (مینگل) کے پارلیمنٹ میں ارکان کی تعداد پانچ ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے کیونکہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت گرانے کے لیے اپوزیشن کا گٹھ جوڑ شروع ہو چکا ہے اور پارٹی کے اند ر بھی گروپ بندی واضح دکھائی دے رہی ہے جبکہ اب بلوچستان میں بھی پی ٹی آئی حکومت کو سرخ بتی جلتی نظرآ رہی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات