ایران نے امریکی افواج کو دہشت گرد قراردیدیا

امریکا نے ایرانی پاسدران نے انقلاب پر پابندیاں عائدکرنے کا اعلان کیا تھا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 24 اپریل 2019 08:40

ایران نے امریکی افواج کو دہشت گرد قراردیدیا
تہران(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 24 اپریل۔2019ء) ایران نے امریکا کی تمام مسلح افواج کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے. ایرانی پارلیمان میں یہ قرارداد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے تیل کے خریدار ممالک کو حاصل استنثا ختم کرنے کے فیصلے کے بعد منظور ی کی گئی ہے . ایرانی پارلیمان کے ارکان نے اس سے پہلے بھی ایک اور بل کے ذریعے صرف مشرقِ وسطی میں تعینات امریکی فوجیوں کو دہشت گرد قرار دیا تھا.

انہوں نے یہ اقدام امریکا کی جانب سے سپاہِ پاسداران انقلاب ایران کو دہشت گرد قرار دینے کے ردعمل میں کیا تھا. امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ سال مئی میں ایران سے جولائی 2015 میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کو خیرباد کہہ دیا تھا اور اس کے بعد نومبر میں ایران کے خلاف دوبارہ سخت پابندیاں عائد کردی تھیں. ان میں ایران کے توانائی کے شعبے کو بہ طور خاص ہدف بنایا گیا تھا اور اس کی تیل کی برآمدات پر پابندیاں شامل تھیں‘البتہ اس سے تیل کے خریدار ممالک کو 6 ماہ کے لیے پابندیوں میں چھوٹ دی گئی تھی.

امریکا نے اس ماہ کے اوائل میں سپاہ پاسداران انقلاب ایران پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں اور اس کو کسی طرح کی مادی مدد مہیا کرنا اب امریکی دائرہ اختیار میں ایک جرم قرار پائے گا. واضح رہے کہ امریکا کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ اس نے کسی ملک کی تمام فوج کو دہشت گرد قرار دیا ہے. صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دباﺅ بڑھانے کی غرض سے اس کی تیل کی برآمدات پر عائد پابندیوں میں دی گئی رعایت کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب مئی کے بعد اس سے تیل کے خریدار ممالک کو کسی قسم کا استثنا نہیں ملے گا اور وہ بھی ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھنے کی صورت میں امریکی پابندیوں کی زد میں آجائیں گے۔

(جاری ہے)

امریکا کا موقف ہے کہ ایران تیل کی برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدن سے مشرقِ اوسط کے خطے اور اس سے ماورا عدم استحکام کی پالیسیوں کو عملی جامہ پہنا رہا ہے.