سعودی عرب کا ایران پر امریکی پابندیوں کا خیرمقدم

ایران کو خطے میں عدم استحکام کی پالیسی سے روکنے کے لیے یہ اقدام ضروری تھا. سعودی وزارت خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 24 اپریل 2019 08:42

سعودی عرب کا ایران پر امریکی پابندیوں کا خیرمقدم
ریاض(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 24 اپریل۔2019ء) سعودی عرب کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم العساف نے ایران پر عائد پابندیوں پر استثنا ختم کرنے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ایران کو خطے میں عدم استحکام کی پالیسی سے روکنے کے لیے یہ اقدام ضروری تھا. مملکت کے سرکاری ادارے کے مطابق وزیر خارجہ ابراہیم العساف نے کہا کہ سعودی عرب امریکا کے اس اقدام کی مکمل طور پر حمایت کرتا ہے کیونکہ یہ ایرانی رجیم کو خطے کے استحکام کو تہ وبالا کرنے کی پالیسی سے دستبردار کرانے اور دنیا بھر میں دہشت گردی کی حمایت سے روکنے کے لیے دباﺅ ڈالنے کی غرض سے ضروری تھا.

(جاری ہے)

انہوں نے گذشتہ روز وزیر توانائی خالد الفالح کے اس بیان کا اعادہ کیا ہے کہ سعودی عرب امریکا کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں توازن اور خام تیل کی وافر رسد کو یقینی بنانے کے لیے تیل پیدا کرنے والے دوسرے ممالک کے ساتھ روابط استوار کرے گا. امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے تیل کے خریدار ممالک کو پابندیوں سے مزید استثنا نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا‘امریکی صدر نے ان ممالک کو مئی تک ایران سے تیل خرید کرنے کی اجازت دی تھی اور انھیں گذشتہ سال نومبر میں ایران پر عائد کردہ پابندیوں سے مستثنی قرار دیا تھا لیکن اب مئی کے بعد وہ بھی امریکی پابندیوں کی زد میں آجائیں گے.

وائٹ ہاﺅس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مارکیٹ سے ایرانی تیل کے اخراج کی صورت میں عالمی طلب کو پورا کرنے کے لیے بروقت اقدام سے اتفاق کیا ہے تاکہ عالمی مارکیٹ میں طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنایا جاسکے.