اسلام آباد ‘راول پنڈی میں رات گئے تیز بارش‘لاہور میں آندھی

بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختون خوا اور کشمیر میں چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے. محکمہ موسمیات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 24 اپریل 2019 09:59

اسلام آباد ‘راول پنڈی میں رات گئے تیز بارش‘لاہور میں آندھی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 24 اپریل۔2019ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راول پنڈی میں رات گئے تیز بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ لاہور میں رات گئے چلنے والی آندھی کے باعث گردو غبار چھا گیا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی. جڑواں شہروں اسلام آباد اور راول پنڈی میں رات گئے تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی،جس کے بعد موسم خوش گوار ہو گیا.

دوسری جانب لاہور شہر کو رات گئے آندھی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، تیز ہوا کے ساتھ گرد و غبار چھا گیا، آندھی سے لیسکو کے 167 فیڈرز ٹرپ کر گئے،شیخوپورہ اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی رات گئے گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں.

(جاری ہے)

پنجاب، بلوچستان اور کشمیر کے مختلف شہروں میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، کشمیر اور بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی موسم سرد ہو گیا‘بلوچستان کے شمالی علاقوں میں طوفانی ہواﺅں کا ایک اور سلسلہ داخل ہوگیا جس کے بعد چمن اور گرد و نواح کا علاقہ ریت کے طوفان کی لپیٹ میں آگیا.

پنجاب کے ضلع سرگودھا اور گرد و نواح میں طوفانی بارش سے سائن بورڈز اڑ گئے،بارش کے ساتھ ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی. سیالکوٹ شہر اور گرد و نواح میں گرد آلود آندھی کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، حافظ آباد شہر اور گرد و نواح میں تیز آندھی کے ساتھ بوندا باندی ہوئی‘فیصل آباد ور گرد و نواح میں آندھی کے بعد متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، گوجرانوالا اور گرد و نواح میں چلنے والی آندھی نے گرمی کی شدت کم کر دی.

ملکہ کوہسار مری میں بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا، آزاد کشمیر کے علاقے میر پور، باغ اور گرد و نواح میں آندھی اور بارش ہوئی‘خیبر پختون خوا کے اضلاع بنوں اور مانسہرہ میں بھی تیز آندھی کے بعد بارش ہوئی جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی. طوفانی ہواﺅں کا ایک اور مغربی سلسلہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہوگیا جس کے باعث چمن شہر اور گرد و نواح کا علاقہ ریت کے طوفان کی لپیٹ میں آگیا.

طوفانی ہواﺅں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، بازار بند کر دیے گئے،مختلف علاقوں میں سائن بورڈ گر گئے اور قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ صفر رہ گئی‘آج بھی ملک کے کئی حصوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے. محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختون خوا میں اکثر مقامات پر، بلوچستان میں کوئٹہ، ڑوب، قلات، نصیر آباد، سبی ڈویژن اور پنجاب میں بعض مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے. بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختون خوا اور کشمیر میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے، کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے‘گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سکھر ڈویژن میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے.