امریکی وزیر خزانہ سٹیون منچن اور نمائندہ برائے تجارت رابرٹ لٹزر آئندہ ہفتے تجارتی مذاکرات کے لئے چین جائیں گے

بدھ 24 اپریل 2019 10:35

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) وائٹ ہائوس نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے امریکی نمائندہ برائے تجارت رابرٹ لٹزر اور سیکرٹری خزانہ سٹیون منچن بیجنگ جائیں گے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کا باعث بننے والی تجارتی جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکراتی عمل جاری رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز وائٹ ہائوس سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ امریکا کے نمائندہ برائے تجارت رابرٹ لٹزر اور سیکرٹری خزانہ سٹیون منوچین آئندہ ہفتے بیجنگ کا دورہ کریںگے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے حوالے سے مذاکراتی عمل کو جاری رکھاجاسکے۔

چین کی جانب سے مذاکراتی عمل کی قیادت نائب وزیراعظم لیوہی کریں گے، یہ مذاکرات 30 اپریل کو شروع ہوں گے جبکہ 8 مئی کو ایک چینی وفد واشنگٹن کا دورہ کرے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے دونوں ملکوں کے وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں املاک دانش، ٹیکنالوجی کی زبردستی منتقلی، نان ٹیرف رکاوٹیں، زراعت، خدمات، خریداری اور انفورسمنٹ جیسے معاملات پر غور کیا جائے گا۔