بلوچستان، پنجاب، کشمیرمیں تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی اور بارش کا امکان

ملک کے مغربی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہو گیا ۔ محکمہ موسمیات

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 24 اپریل 2019 10:58

بلوچستان، پنجاب، کشمیرمیں تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی اور بارش کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اپریل 2019ء) : محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے شہریوں کو بلوچستان، پنجاب، کشمیرمیں تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی اور بارش کی نوید سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز بلوچستان، پنجاب کے مختلف شہروں، گلگت بلتستان اور کشمیر میں متعدد مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بعض مقامات پر کھتیوں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ترجمان میٹ آفس نے کہا کہ بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک، جب کہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور سندھ میں گرم رہے گا۔ تاہم خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں جب کہ گوجرانوالہ، سرگودھا، راول پنڈی ڈویژن،کشمیر اسلام آباداور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ بالائی پنجاب کے کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر ژالہ باری سے کھیتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے مغربی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا۔بالائی ،وسطی علاقے جمعرات تک مغربی سسٹم کے زیراثررہیں گے مغربی سسٹم جمعہ تک ملک کے شمالی علاقوں میں موجود رہے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ رات پنجاب میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، گوجرانولہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اورپاکپتن سمیت کئی شہروں میں آندھی کے بعد بادل برس پڑے، اسلام آباد میں بھی تیز بارش ہوئی۔ لاہورمیں طوفانی آندھی نے درخت اُکھاڑ پھینکے جس پر بجلی سپلائی کرنے والے کئی فیڈرزٹرپ کرگئے۔ آندھی کے بعد کئی علاقوں میں بارش بھی ہوئی جس کے کچھ دیر بعد ہی شالامار، باغبانپورہ، بادامی باغ سمیت شہرکے بیشترعلاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔