Live Updates

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، دسمبر تک ڈیڑھ لاکھ گھر شروع کرنے کی منظوری دے دی گئی

منظوری پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) بورڈ کے اجلاس میں دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 24 اپریل 2019 11:49

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، دسمبر تک ڈیڑھ لاکھ گھر شروع کرنے کی منظوری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اپریل 2019ء) : نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت رواں برس دسمبر تک پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈیڑھ لاکھ گھروں کی تعمیر شروع کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) بورڈ کا اجلاس ہوا۔ پھاٹا بورڈ کا اجلاس وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید کی صدارت ہوا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پھاٹا لیاقت علی چٹھہ اور دیگر ممبران شریک ہوئے ۔ میاں محمود الرشید نے بتایا کہ لاہور ،فیصل آباد ، سیالکوٹ ، چینوٹ ، جہلم ،لیہ،سرگودھا ، بھکراور قائد آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت اراضی کے حصول کی کارروائی تیزی سے جاری ہے ۔ عید کے بعد ان شہروں میں گھر وں کی فراہمی کے لئے درخواستیں طلب کرنے کا آغاز کر دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت ان شہروں میں مذکورہ سکیم کے پراجیکٹ شروع کرنے کے لیے لے آؤٹ پلان کی منظور ی اور انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کا آغاز کر دیا جائے گا ۔ میاں محمود الرشید نے پھاٹا حکام کو ہدایت کی کہ دیگر شہروں میں بھی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت اراضی کے حصول کی کارروائی ترجیحی بنیادوں پر شروع کی جائے ۔ لیاقت علی چٹھہ نے اجلاس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پرپیشرفت کے متعلق بریفنگ بھی دی ۔

واضح رہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم منصوبے کے تحت اپریل میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں گھروں کا سنگ بنیاد رکھا جانا تھا لیکن منصوبے کا فیز ٹو قانونی پیچیدگیوں اور اراضی مسائل کا شکار ہو گیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد ملک کی غریب عوام کے لیے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔ جس میں کئی غیر ملکی کمپنیوں اور کاروباری حضرات نے پاکستان تحریک انصاف کو مالی اور تعمیری معاملے میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات