سعودی مملکت میں دہشت گردی میں ملوث 37 افراد کو سزائے موت

سزائے موت پانے والے تمام کے تمام افراد سعودی باشندے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 24 اپریل 2019 11:52

سعودی مملکت میں دہشت گردی میں ملوث 37 افراد کو سزائے موت
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،24 اپریل 2019ء) سعودی عرب کی سرکاری ایجنسی کی جانب سے شائع کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مملکت میں دہشت گردی میں ملوث 37 سعودی باشندوں کو سزائے موت دے دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق یہ تمام افراد مملکت میں دہشت گرد اور شدت پسندانہ خیالات رکھتے تھے۔ ان افراد نے ایک دہشت گرد گروپ بھی تشکیل دے رکھا تھا جس نے مملکت کے نوجوانوں کو دہشت گردی کی جانب ترغیب دلانے کی کوشش کی اور یوں سیکیورٹی کی صورتِ خراب حال بنا کر مملکت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہا۔

یہ افراد مملکت کے مختلف علاقوں میں مقیم تھے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق ریاض، مکّہ، مدینہ، مرکزی صوبے قصیم اور مشرقی صوبے سے تھا۔ عدالت میں ان لوگوں کے خلاف ٹرائل چلا جس میں ان پر فردِ جُرم عائد کر نے کے بعد انہیں عدالت نے سزائے موت سُنا دی۔

(جاری ہے)

اس فیصلے کے خلاف ان 37 افراد نے اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کی، مگر وہاں بھی ان کی سزا کو برقرار رکھا گیا۔واضح رہے کہ سعودی مملکت میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ اتوار کو بھی چار دہشت گردوں نے سعودی خفیہ ادارے کی ایک ذیلی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا، تاہم وہاں تعینات اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں یہ چاروں دہشت گرد مارے گئے۔ ان تمام دہشت گردوں کا تعلق سعودی عرب سے ہی تھا۔