Live Updates

ہم وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں

کسی وزیر کو لانا یا ہٹانا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی صوابدید ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 24 اپریل 2019 12:16

ہم وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اپریل 2019ء) : اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ہم وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی وزیر کو لانا یا اسے ہٹانا وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلٰی پنجاب کی صوابدید ہے۔ ہماری ملاقاتیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو مضبوط بنانے کے لیے ہو رہی ہیں۔

معاملات کو بات چیت اور خوش اسلوبی سے طے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے کوئی رابطہ نہیں اور نہ چودھری شجاعت کی شہبازشریف سے کوئی ملاقات ہوئی ہے۔ وزیر اعظم کو استحقاق ہے کہ وہ کسی وزیر کو تبدیل کرسکتے ہیں۔ ہماری جماعت وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑی ہے۔ سیاست میں پارٹی کے اندر اور باہر اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کا حسن ہے، پارٹی کے اندربھی اختلافات ہوجاتے ہیں، مسلم لیگ ن سے کوئی رابطہ نہیں اورنہ ہی تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ مونس الٰہی کوملاقات کی ضرورت نہیں ہے، کسی سے معافی یا ملاقات کی ہمیں کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مسلم لیگ ق کا کوئی اختلاف نہیں ہے، طارق بشیرچیمہ نے بہاولپورصوبے کا ذکرکیا۔ انہوں نے ایسا کر کے ٹھیک کیا، صوبے بنے توبنتے چلے جائیں گے، پہلے طے کرلیں کتنے صوبے بنانے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ کئی دنوں سے مسلم لیگ ق کے پی ٹی آئی کے ساتھ اختلافات کی خبریں منظر عام پر آئیں تاہم اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ان تمام خبروں کی تردید کردی اور کہا کہ پی ٹی آئی سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات