گزشتہ پانچ سال کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ہاکی کی بہتری کیلئے 42 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد کی رقم دی گئی‘ پارلیمانی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ صائمہ ندیم

بدھ 24 اپریل 2019 14:46

گزشتہ پانچ سال کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ہاکی کی بہتری کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) بین الصوبائی رابطہ کی پارلیمانی سیکرٹری صائمہ ندیم نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ہاکی کی بہتری کے لئے 42 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد کی رقم دی گئی ہے‘ 2012ء سے منظور ہونے والے سندھ میں کھیلوں کے میدان سمیت دیگر منصوبے تاحال مکمل نہیں ہو سکے ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مسرت رفیق مہیسڑ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری صائمہ ندیم نے بتایا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد کھیل کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہوا ہے، سپورٹس فیڈریشن وفاق کے تحت آتی ہے، ہاکی کو 425 ملین‘ سکواش کو 125 ملین دیا ہے۔ وزیراعظم اس طرف بہت توجہ دے رہے ہیں۔ 2012ء سے سندھ میں سیہون شریف میں سٹیڈیم منظور ہوا تاہم ابھی تک مکمل نہیں ہوا۔ داود میں ہاکی سٹیڈیم جون 2017ء میں مکمل ہونا تھا تاہم ابھی تک تیار نہیں ہے۔ اس کے علاوہ کئی منصوبے اور بھی ہیں جو مکمل نہیں ہوئے۔