سرگودھا یونیورسٹی میں دوسرا سرگودھا لٹریری فیسٹیول جاری، ’’ میڈیا اور اس کی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر نشست کا اہتمام کیاگیا

بدھ 24 اپریل 2019 15:01

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) سرگودھا یونیورسٹی میں دوسرا سرگودھا لٹریری فیسٹیول جاری۔ تین روزہ لٹریری فیسٹیول میں پاکستان بھر کی سماجی، علمی و ادبی شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔اس سلسلہ میںفیسٹیول کے دوسرے روز ’’ میڈیا اور اس کی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر نشست سے کیا گیا جس میں شعبہ صحافت سے وابستہ معروف شخصیات محمد عامر رانا،صبوخ سید اور فرنود عالم شریک ہوئے۔

محمد عامر رانا نے کہا کہ سوشل میڈیا کو مین سٹریم میڈیا کا متبادل تصور نہیں کیا جا سکتا کیونکہ سوشل میڈیا سے موصول ہونیوالی معلومات صداقت سے محروم ہوتی ہیں جس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روایتی میڈیا نے ہمیشہ ریاستی ستون کا کردار ادا کیا ہے اورصحافی کی خوبی ہونی چاہیے کہ وہ اپنی بات کو ہزار طریقوں سے بیان کرنا جانتا ہو،صحافی اپنے معاشرے کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے کام کرتا ہے،اسی طرح یہ ہماری معاشرتی ذمہ داری ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے مسائل کو اجاگر کریں۔

(جاری ہے)

صبوخ سید نے کہا کہ صحافی سول سوسائٹی کا ترجمان ہے اور صحافیوں نے ہمیشہ عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ صحافی کا کام رائے دینا نہیں ہوتا بلکہ صحافی کا کام خبروں کی تمام جہتوں پر روشنی ڈالنا ہے۔صحافتی اداروں کو چاہیے کہ وہ صحافتی اصولوں کے مطابق رپورٹنگ کو یقینی بنائیں، صحافیوں پر یہ ذمہ داری عائد ہے کہ وہ آئین کی پاسداری یقینی بنائیں۔فرنود عالم نے کہا کہ سوشل میڈیاملک میں اظہارِ رائے کا زریعہ بن چکا ہے اور معاشرے کے متاثرہ فریق کی بات کو سمجھنے کا موثر ذریعہ ثابت ہو رہا ہے۔ فیسٹیول کی دوسری نشست ’’ نوجوان امن کے علمبردار‘‘ کے موضوع پر منعقد ہو رہی ہے۔