پاکستان تحریک انصاف میں نہ تو شاہ محمود قریشی گروپ ہے نہ جہانگیر ترین گروپ

پاکستان تحریک انصاف ایک ہی گروپ ہے جس میں ہر فرد کو ایک ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ شاہ محمود قریشی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ اپریل 14:10

پاکستان تحریک انصاف میں نہ تو شاہ محمود قریشی گروپ ہے نہ جہانگیر ترین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اپریل 2019ء) : وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف میں گروپ بندی کی تردید کر دی اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں نہ تو کوئی شاہ محمود قریشی گروپ ہے نہ ہی جہانگیر ترین گروپ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف میں صرف ایک ہی گروپ ہے جس میں ہر شخص کو ایک ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

پارٹی کی جانب سے مجھے بھی جو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں میں وہ ذمہ داریاں نبھا رہا ہوں اور جہانگیر ترین کو بھی جو ذمہ داریاں ملی ہیں وہ اپنی اُن ذمہ داریوں کو پورا کررہے ہیں ۔ وفاقی وزیر خارجہ گذشتہ روز جاپان میں اپنے دورے کے آخری روز پر تھے جب انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملک میں صدارتی نظام نافذ کرنے کی افواہوں کی بھی تردید کی اور کہا کہ پاکستان میں صدارتی نظام کا کوئی امکان نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے صرف اور صرف افواہیں ہی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے سیاسی رہنما چودھری نثار کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کی خبروں کی بھی سختی سے تردید کی اور ان افواہوں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا۔ حکومت کے مدت مکمل کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بھی پانچ سال پورے کرے گی۔

پاکستان میں اب جمہوریت مضبوط ہوچکی ہے۔ لہٰذا جیسے پیپلز پارٹی نے پانچ سال مکمل کیے اور مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے پانچ سال پورے کیے ٹھیک اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بھی اپنے پانچ سال پورے کرے گی۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جاپان کے دورہ پر تھے جہاں انہیں بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ جاپانی حکومت نے پمز کے زیر اہتمام بچوں کے اسپتال کے قیام کے لیے 4 اعشاریہ 8آرب روپے جبکہ ان لینڈ ٹرانسپورٹیشن کاوگو مانیٹرنگ کے لیے ڈھائی ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا جبکہ جاپانی حکومت نے پاکستان کے ساتھ مزید شعبوں میں تعاون پر بھی اظہار دلچسپی کیا۔