Live Updates

بلاول صاحب ، اگر ہم ناکام ہیں تو آپ ناکام ترین ہیں

پیپلز پارٹی کے دور میں چار وزیر خزانہ تبدیل ہوئے کیا وہ ناکامی نہیں تھی ؟ سابق وزیر خزانہ اسد عمر کا قومی اسمبلی سے خطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 24 اپریل 2019 14:26

بلاول صاحب ، اگر ہم ناکام ہیں تو آپ ناکام ترین ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اپریل 2019ء) : سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے وزارت خزانہ سے مستعفی ہونے کے بعد پہلی مرتبہ قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی حکومت پر تنقید کا منہ توڑ جواب دے دیا ۔ اسد عمر نے کہا کہ بلاول صاحب ، اگر ہم ناکام ہیں تو آپ ناکام ترین ہیں۔ پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں چار مرتبہ وزیر خزانہ تبدیل کیا گیا تو کیا وہ ناکامی نہیں تھی؟ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا پاکستان میں معاشی قتل ہورہا ہے، پاکستان کا بہت نقصان ہورہا ہے، انہوں نے جوخدشات بتائے ان کاجواب دینا چاہتا ہوں۔

اسدعمر کا کہنا تھا پاکستان کی ترقی کی رفتاروہ نہیں ہے جوہونی چاہئیے تھی، قرضوں کی ادائیگی کی بات آتی ہے تو یہ چیزیں بھی دیکھنا ہوتی ہیں، پیپلزپارٹی کے دور میں پہلے سال ترقی کی رفتار 0.4 فیصد تھی ، میرے خیال سے بلاول بھٹوکو کسی نے تاریخ سےمتعلق نہیں بتایا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ترقی کی رفتار 2.8 فیصد تھی۔ سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ میں تسلیم کرتا ہوں کہ ہمارے دورمیں مہنگائی میں اضافہ ہوا ، ہمارے ابتدائی 8 ماہ میں مہنگائی کی شرح 6.8 فیصد رہی ہے۔

زرداری دورمیں مہنگائی کی شرح 12.8 فیصد رہی۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو آج یہ ساری باتیں اس لیے سننے کے لیے مل رہی ہیں کیونکہ گذشتہ حکومت کے دوران لوٹی گئی دولت پر گھیرا تنگ ہورہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں موجود انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، عوام کے ٹیکس کا پیسہ استعمال کرنے والوں کی جائیدادیں خطے میں ہیں اور اسی وجہ سے دونوں کے گٹھ جوڑ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

پیپلزپارٹی دورمیں اوسط بجٹ کاخسارہ7 فیصدرہا، 8.8 فیصد بھی گزرا۔ پیپلزپارٹی کے5 سال میں اوسطاً ایف بی آرکے اہداف میں 8 فیصد کمی تھی۔ قرضے بڑھ رہے ہیں یقیناً نہیں بڑھنے چاہئیں، 2008ء سے 2013ء کے دوران قومی قرضوں میں 135 فیصد اضافہ ہوا۔ اسد عمر نے جعلی اکاؤنٹس کے معاملے پر بھی بلاول بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ممکنہ گٹھ جوڑ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوئس اکاؤنٹ، دبئی ولندن محل خطرے میں ہوں توپریشانی ہوگی، ایسےحالات میں ان دوپارٹیوں کاملاپ ہونابھی اچھی کمبی نیشن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام کو سب پتہ ہے۔ عوام کی اُمیدیں نئی حکومت سے ہیں، عوام کونظرآرہا ہے کہ اچھے فیصلے ہو رہے ہیں اسی لیے عوام مشکل بھی برداشت کرنے کو تیار ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ انشااللہ پاکستان ترقی کرے گا اور پاکستان زندہ باد ہر دل کی آواز ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات