پنجاب میں رواں سیزن کے دوران 60لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر،فیصل آباد میں 97ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کاشت کی جائے گی

بدھ 24 اپریل 2019 15:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) پنجاب میں رواں سیزن کے دوران 60لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ مذکورہ ہدف گزشتہ سال کے 54لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کے ہدف سے 6لاکھ ایکڑ زائد ہے نیز فیصل آباد میں گزشتہ سال کے 80ہزار ایکڑ کی بجائے 17ہزار ایکڑ کے اضافہ سے 97ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کاشت کی جائے گی اس طرح صوبہ بھر سے ایک کروڑ کے قریب کپاس کی گانٹھیں حاصل ہونے کا بھی امکان ہے ۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ موسمی حالات کے باعث کپاس کی کاشت کے علاقوں میں بعض مقامات پر کچھ کمی مشاہدہ میں آئی ہے جن میں گزشتہ سال فیصل آباد بھی شامل تھا۔انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال فیصل آباد میں 80ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کی جانا تھی مگر بوجوہ یہ ہدف حاصل نہ ہو سکا لیکن اس بار اضافہ شدہ ہدف کے ساتھ ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں اس سال تین لاکھ 65 ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کی کاشت مکمل کی جائے گی۔انہوںنے بتایاکہ اس سال صوبہ بھر میں کپاس کا پیداواری ہدف ایک کروڑ گانٹھیں ،فیصل آباد ڈویژن میں کپاس کا پیداواری ہدف4 لاکھ34 ہزار گانٹھیں جبکہ ضلع فیصل آباد سے کپاس کا پیداواری ہدف 6 ہزار گانٹھیں مقرر کیا گیا ہے۔ انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال صوبہ بھر میں ٹارگٹ سے 11 لاکھ ایکڑ کم رقبہ پر کپاس کاشت کی جاسکی تھی اور گزشتہ سال صوبہ بھر میں 54 لاکھ ایکڑ اراضی پر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ دیا گیا تھا مگر صرف 43 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی جاسکی تھی ۔

اسی طرح گزشتہ سال ضلع فیصل آباد میں80 ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ دیا گیا تھامگر صرف 46ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کاشت کی جاسکی تھی۔انہوںنے بتایاکہ کاشتکار یکم اپریل سے 31مئی تک کپاس کی منظور شدہ بی ٹی اقسام آئی آر نیا ب 824،آئی یو بی 222،آئی یو بی13، آر ایچ 662،آر ایچ 668،آئی آر 3701،ایم این ایچ 886،ایف ایچ 142، ایم ایم 58،ایم این ایچ 988،اے جی سی 777،اے جی سی 999،اے جی سی 555،ایف ایچ 152 ،ایس ایل ایچ 8،ایف ایچ 114،این ایس 121،ایف ایچ لالہ زار،بی ایچ 178،بی ایچ 184،بی ایس 52،بی سی جی 9،بی ایس 15،ٹارزن 3،سی آئی ایم 599،سی آئی ایم 602،سی اے 12،سی ای ایم بی 33،سی ای ایم بی 66وغیرہ کاشت کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب کسانوں کی تنظیموں نے کپاس کی امدادی قیمت 3500روپے فی من مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :