سعودی مملکت میں آن لائن شاپنگ کا رحجان تیزی پکڑ گیا

42 فیصد سعودی صارفین آن لائن خریداری کرتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 24 اپریل 2019 14:58

سعودی مملکت میں آن لائن شاپنگ کا رحجان تیزی پکڑ گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،24 اپریل 2019ء) سعودی وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں آن لائن شاپنگ کا رحجان تیزی سے بڑھ گیا ہے۔ اس وقت سعودی عرب آن لائن تجارت کرنے والے 10 سرفہرست ممالک کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے۔ ڈاکٹر ماجد القصبی نے یہ بات ایک بزنس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال سعودی مملکت میں آن لائن تجارت کا حجم آٹھ کروڑ ریال سے بڑھ گیا۔

انٹرنیٹ کے 42 فیصد سعودی صارفین آن لائن شاپنگ کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ایک تخمینے کے مطابق سعودی باشندے سالانہ چار ہزار ریال فی کس کے حساب سے آن لائن شاپنگ کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ماجد القصبی نے بتایا کہ مملکت میں آن لائن تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت دُنیا بھر میں آن لائن تجارت کا حجم 30 ٹریلین ڈالر کے لگ بھگ ہو گیاہے۔

جبکہ دُنیا بھر کی آن لائن تجارت کے حجم میں مشرقِ وسطیٰ کا حصّہ 2.5 فیصد سے زیادہ نہیں۔ اس سے پتا لگتا ہے کہ ابھی مشرقِ وسطیٰ کے ممالک بشمول سعودی عرب آن لائن شاپنگ کے معاملے میں دُنیا کے دیگر ممالک سے بہت پیچھے ہیں۔ مملکت میں آن لائن تجارت کو فروغ دینے اور اسے ریگولیٹ کرنے کی خاطر عنقریب21 رُکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں 18 ارکان مختلف سرکاری اداروں سے ہوں گے جبکہ 3 ارکان پرائیویٹ سیکٹر سے لیے جائیں گے۔ یہ کمیٹی آن لائن تجارت کے فروغ کے لیے مختلف سفارشات پیش کرے گی۔ سعودی عرب میں نہ صرف مشہور برانڈز اور کمپنیاں بلکہ لوگ انفرادی حیثیت میں بھی اپنے کاروبار کو آن لائن کروانے کے لیے محنت کر رہے ہیں۔