Live Updates

ملک بھر میں موجود ہنر مند افرادکا مکمل ڈیٹا جمع کرکے ان کی آن لائن جاب پورٹل بنائی جا رہی ہے جس کا افتتاح وزیراعطم کرینگے‘انجنیئر نعیم صدیقی

جدید مشینری اور کھلی عمارت کے ساتھ یہاں طلبہ کو اعلی معیار کی فنی تربیت دی جاتی ہے جو ہمارے لئے باعث اطمینان ہے ‘ڈی جی نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن

بدھ 24 اپریل 2019 15:34

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن حکومت پاکستان اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل انجنئیر نعیم صدیقی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں موجود ہنر مند افرادکا مکمل ڈیٹا جمع کرکے ان کی آن لائن جاب پورٹل بنائی جا رہی ہے جس کا افتتاح عنقریب وزیر اعظم عمران خان کریں گے ․ یہ جاب پورٹل ملک سے بے روزگاری کے خاتمے میں بڑی معاون ہوگی․ کوریا نے تسلیم کیا ہے کہ دنیا بھر کی افرادی قوت میں پاکستان کے ہنر مند سب سے بہترین پیشہ ورانہ و شخصی کردار کے حامل ہوتے ہیں ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انجمن فیض الاسلام فیض آباد مرکز میں فیض الاسلام ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ اس موقع پر مختلف مہارتوں میں ایک سالہ سرٹیفکیٹس حاصل کرنے والے طلبہ کو اسناد اور پوزیشن ہولڈرز کو نقد انعامات دئیے گئے ․ ٹیوٹا کمپنی کے ڈائریکٹر ندیم بٹ ، صدر انجمن فیض الاسلام محمد صدیق اکبر میاں ، نائب صدر و تعلیمی کمیٹی کی چئیرپرسن محترمہ اظہار فاطمہ ، پروفیسر نیاز عرفان ، ایف ٹی ٹی آئی کے پرنسپل انجنئیر محمد اکمل ، انسٹرکٹرز اور طلبہ کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی ․ نعیم صدیقی نے انجمن فیض الاسلام کے ایف ٹی ٹی آئی کے اعلی معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جدید مشینری اور کھلی عمارت کے ساتھ یہاں طلبہ کو اعلی معیار کی فنی تربیت دی جاتی ہے جو ہمارے لئے باعث اطمینان ہے ․ انہو ںنے کہا کہ جدید دنیا میں ہنر مندی کے ساتھ ساتھ لوگوں کے اندر سافٹ سکلز کو بھی بہت اہمیت دی جارہی ہے اور الحمدہ للہ کوریا نے ہمارے ہنر مندوں کو دنیا کی بہترین ہنر مند افرادی قوت قرار دیا ہے جو ہمارے لئے ایک اعزاز ہے ․ انہو ںنے کہا کہ وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید عصری فنی مہارت کے ساتھ ساتھ سافٹ سکلز یعنی فرض شناسی ، ایمانداری ، اچھا برتائو اور وقت کی پابندی لازمی ہیں اور بیرونی دنیا میں ملازمت دینے والے فنی مہارت کے ساتھ ساتھ ان سکلز کے بھی امیدواروں کو پورے پورے نمبر دیتے اور کامیابی کی صورت میں ملازمت فراہم کرتے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ آن لائن جاب پورٹل میں ملک بھر کی افرادی قوت کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے اور جس طرح کریم سروس کے ذریعے لوگ مستفید ہو رہے ہیں اسی طرح اس جاب پورٹل سے ملازمت کے حصول تک کسی دکان وغیرہ کے بغیر ضرورت مند لوگ ہنر مندوں کی مہارتی خدمات عوضانہ دے کر حاصل کر سکیں گے ․ اس پورٹل کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان بہت جلد کر دیں گے ․ انہوں نے انجمن فیض الاسلام کی دو فنی لیبارٹریوں کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ نیوٹیک ایف ٹی ٹی آئی کو بدلتی ہوئی ضروریات سے ہم آہنگ رکھنے اور انسٹرکٹرز کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے میں بھی مدد دے گا ․ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک محض ایک سڑک نہیں بلکہ اس کے ارد گرد بے شمار صنعتیں قائم ہونے جا رہی ہیں جہاں چین سے ماہرین نہیں آئیں گے بلکہ پاکستان کے ہنر مندوں نے ہی ان صنعتوں کو چلانا ہے ․ قبل ازیں صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ انجمن عام مروجہ اور دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی مہارتوں کے فروغ کیلئے بھی اپنا کردار بھر پور طریقے سے ادا کر رہا ہے ․ انہوں نے کہا کہ ہمارے تربیت یافتہ طلبہ مختلف فنی مہارتوں کے حصول کے بعد عملی زندگی میں کامیاب اور با روزگار ہونے کے باوصف معاشرے کے لئے مفید اور قومی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ․ نائب صدر اور انجمن کی تعلیمی کمیٹی کی چئیر پرسن محترمہ اظہار فاطمہ نے کہا کہ جدید دنیا میں بڑی بڑی ڈگریوں کے حامل لوگ بے روزگاری کا سامنا کر رہے ہیں مگر ہنر مند لوگ ایسے مسائل سے بچے ہوئے ہیں ․ فنی تعلیم کی اسی ضرورت و اہمیت کے پیش نظر انجمن متعدد فنی مہارتوں کے سرٹیفکیشن اور ڈپلومہ کورسز کروا رہا ہے ․ ایف ٹی ٹی آئی کے پرنسپل انجنئیر محمد اکمل نے فنی تعلیم کے فروغ میں انجمن فیض الاسلام کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ ہمارے طلبہ نے قومی اور صوبائی سطح کے مقابلہ جاتی امتحانات میں اپنی فنی مہارتوں کا لوہا منواتے ہوئے انجمن فیض الاسلام کا نام روشن کیا ․ ہماری کوشش ہے کہ ادارے کی اس نیک نامی کو نہ صرف قائم رکھا جائے بلکہ اس میں مزید اضافہ بھی کیا جائے ․ انہوں نے کہا کہ مختلف فنی مہارتوں کے ایک سالہ سرٹیفکیشن کورسز میں اس سال ہمارے بچوں کا کامیابی کاتناسب 92 فیصد رہا جو ہمارے لئے انتہائی خوشی کا باعث ہے ․ بعد ازاں مہمان خصوصی نے کامیاب ہونے اور پوزیشنیں لینے والے طلبہ کو اسناد اور نقد انعامات دئیے -
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات