الحدیدہ کے جنوب میں حوثیوں کا بڑا حملہ یمنی فوج کے ہاتھوں پسپا

جھڑپوں میں حوثیوں کے کئی ارکان ہلاک اور زخمی ہوگئے‘ علاوہ ازیں ان کی عسکری گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں

بدھ 24 اپریل 2019 15:45

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) یمن کی وزارت دفاع کی ویب سائٹ کے مطابق سرکاری افواج نے منگل کے روز مغربی صوبے الحدیدہ کے ضلع التحیتا میں حوثی ملیشیا کا ایک حملہ ناکام بنا دیا۔باغی حوثیوں نے تین اطراف سے یمنی فوج کے ٹھکانوں پر توپ خانوں اور خود کار بھاری ہتھیاروں سے حملے کی کوشش کی تاہم فوج نے انہیں فوری طور پر واپس پلٹ جانے پر مجبور کر دیا۔

جھڑپوں میں حوثیوں کے کئی ارکان ہلاک اور زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں ان کی عسکری گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔

(جاری ہے)

باغیوں نے حیس اور دیگر علاقوں میں رہائشی مقامات پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔اس سے قبل حوثی ملیشیا کے ایک رہنما محمد علی الحوثی نے الحدیدہ کے ساحل کے مقابل سمندر میں تیرتے ہوئے تیل کے ایک بڑے ٹینک کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔بحر احمر میں موجود مذکورہ ٹینک میں دس لاکھ کے قریب خام تیل موجود ہے۔محمد علی الحوثی نے اپنی ٹویٹ میں دعوی کیا کہ اس ٹینک میں موجود تیل رِسنا شروع ہو گیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حوثیوں نے اس دھمکی پر عمل درامد کیا تو اس کے نتیجے میں آبی حیوانات و نباتات پر پڑنے والے اثرات کئی سال تک رہیں گے۔