Live Updates

عمران خان وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے پیچھے کھڑا ہے ،پرسوں کچھ ہو جائے تو کیا کہہ سکتا ہوں ‘ شیخ رشید

جو شخص یہ سمجھتا ہے عمران خان بے خبر ہے اس سے بڑا بے خبر کوئی نہیں ،حفیظ شیخ ملک کا اثاثہ ،اسد عمر بھی قیمتی انسان ہیں چوہدری نثار علی خان کو حلف اٹھاتے ہوئے نہیں دیکھ رہا ،نواز اور شہباز دو مختلف سیاسی بیانیوں کا نام ہے ،شہباز شریف نے گوٹی پھنسا رکھی ہے عمران خان کا پختہ عزم ہے نواز ، شہباز اور زرداری کو نہیں چھوڑنا ،دورہ چین کے دوران ایم ایل ون کی ڈیزائننگ ،فزیبلٹی پر دستخط ہونے جارہے ہیں کال سنٹر اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کو نجی شعبے کو دینے جارہے ہیں، ٹریک مشینوں کی دیکھ بھال اور مینٹی ننس کا کام ریل کاپ کے سپرد کیا جارہا ہے چاہتا ہوں غریب کے روزے اور عید اچھی گزرے ،کرایوں کے حوالے سے عید کے بعد فیصلہ کرینگے‘ وزیر ریلوے کی پریس کانفرنس

بدھ 24 اپریل 2019 16:25

عمران خان وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے پیچھے کھڑا ہے ،پرسوں کچھ ہو جائے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے پیچھے کھڑا ہے ،جو شخص یہ سمجھتا ہے کہ عمران خان بے خبر ہے اس سے بڑا بے خبر کوئی نہیں ، چوہدری نثار علی خان کو حلف اٹھاتے ہوئے نہیں دیکھ رہا ، عمران خان کا پختہ عزم ہے کہ نواز ، شہباز اور آصف علی زرداری کو نہیں چھوڑنا ، وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران ایم ایل ون کی ڈیزائننگ اور فزیبلٹی پر دستخط ہونے جارہے ہیں اور اسے تین فیزز میں مکمل کیا جائے گا ، وزیر اعظم عمران خان جیسے وقت دیں گے سر سید ایکسپریس کا افتتاح کردیا جائے گا اور اس میں کرائے کی تین کیٹگریز متعارف کرائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون کا معاملہ 12سے 14پہلے میرے دور میں ہوا اور اب اس کی ڈیزائننگ اور فزیبلٹی پر دستخط ہونے جارہے ہیں ۔ خزانے کے حالات اچھے نہیں ہیں اس لئے اسے تین فیزز میں مکمل کیا جائے گا ۔ جیسے ہی وزیر اعظم سے وقت ملے گا سر سید ایکسپریس کا راولپنڈی یا کراچی میں افتتاح کریں گے ۔

یہ راولپنڈی سے فیصل آباد براہ راست اور وہاں سے کراچی جائے گی ، اس حوالے سے گیارہ مئی کو انائونس کر دیں گے ،اس میں کرائے کی تین کیٹگریز اکانومی ، اے سی اور اے سی سلیپرز ہوں گی اور اکانومی کلاس میں فوڈ بھی دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ موسم گرما کیلئے تیاری شروع کر دی ہے او رپاور وینز کو تیا رکر رہے ہی۔ ریلو ے کے کال سنٹر اور کمال اینڈ کنٹرول سنٹر کو نجی شعبے کو دینے جارہے ہیں ، ٹریک مشینوں کی دیکھ بھال اور مینٹی ننس کا کام ریل کاپ کے سپرد کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے صرف پروکیورمنٹ پر توجہ دی جبکہ ہم پرانی چیزوں کو ٹھیک کر کے ریلو ے کو چلا رہے ہیں، ہم نے 17لاکھ لیٹر تیل بچایا ہے ، مسافرٹرینوں نے 4ارب روپے کمائے ہیں ،فریٹ میں ہم کچھ پیچھے ہیں لیکن جون تک اس کا بھی ہدف حاصل کر لیں گے ۔ میں نے کراچی میںاپنا دفتر بنا لیا ہے ، پی ایس او سے بات ہوئی ہے اگر فرنس آئل کی ترسیل کا معاہدہ ہوگیا تو فریٹ میںبھی منافع میں آ جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کوروزگار کے مواقع ملیں گے ، ریلوے میں دس ہزار بھرتیاں کرنی ہے لیکن انہیں شفاف رکھنا ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئی پرچیز اور ٹیکنیکل کمیٹی کا اعلان کریں گے ، میں نے سنگل ٹینڈرد کو مسترد کیا ہے اورواضح کہا ہے کہ کسی سطح پر سنگل ٹینڈر نہیں دوں گا۔ انہوں نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ غریب آدمی کے روزے اور عید اچھی گزرے کرایوں کے حوالے سے عید کے بعد فیصلہ کریں گے ۔

انہوں نے چوہدی نثار کے حوالے سے کہا کہ چوہدری نثار حلف نہیں اٹھائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے پیچھے کھڑا ہے اورمیں آپ کو غلط خبر نہیں دوں گا۔آج جو میری بات ہوئی ہے اس کے مطابق یہی ہے اگر پرسوں کچھ ہو جاتا ہے تو پھر میں کیا کہہ سکتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنو کریٹ شیخ حفیظ ملک کا اثاثہ ہے اور اسد عمر بھی قیمتی انسان ہے ۔

میری کوشش ہے کہ چین روانگی سے قبل اسد عمر سے ملاقات ہو جائے اور خواہش ہے کہ وہ دوبارہ کابینہ کا حصہ بنیں ۔ انہوںنے کہا کہ میرا پی ٹی آئی کی لوکل سیاست سے کوئی تعلق نہیں ،میں صرف عمران خان کا ترجمان ہوں ،معیشت اور سیاست پر ان کے آٹھ ترجمان اور ہیں،میں عمران خان کا اتحادی ہوں اور سائے کی طرح ساتھ کھڑا ہوں ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان ملک کا وزیر اعظم ہے اور ہزاروں لوگ انہیں میسیجز کرتے ہیں ،میں نے انہیں کہا ہے کہ اتنا موبائل استعمال نہ کیا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بے خبر نہیں اور اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ عمران خان بے خبر ہے تو اس سے بڑا بے خبر کوئی نہیں ۔ عمران خان پی ٹی آئی ، وزیر اعظم او سارے مسائل کے حل کا نام ہے اور اگر کسی کو کوئی غلط فہمی ہے تو اسے دور کر لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف دو مختلف سیاسی بیانیوں کا نام ہے ۔ شہباز شریف نے گوٹی پھنسائی ہوئی ہے اور وکٹ کی دونوں طرف کھیل رہا ہے ۔

عمران خان کا پختہ عزم ہے کہ چوروں ، ڈاکوئوں ، لٹیروں ، نواز ، شہباز اور زرداری کو نہیں چھوڑے گا ۔ اگر لاہو رہائیکورٹ انہیں ضمانت دے دے تو عمران خان کیا کر سکتا ہے ۔ میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے اپیل کروں گاکہ جن پاپڑ، فالودے اور گنڈیری بیچنے والوں کے نام پر اکائونٹس استعمال ہوئے ہیں وہ جیلوں میں بند ہیں لیکن اکائونٹس کے جو اصل مالک ہیں وہ مزے سے پھر رہے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ، ان بے گناہ لوگوں کو رہائی ملنی چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو میں ملک کی خوشبو ہے ،،بلاول معصوم چیکو ہے جسے زرداری اپنی سیاست کے لئے استعمال کر رہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات