Live Updates

استعفیٰ دے رہا ہوں نہ ہی میدان چھوڑکر بھاگوں گا‘گورنر پنجاب کا سرور فائونڈیشن سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان

حالیہ غیر ملکی دورے میں اکٹھے ہونے والے فنڈز وصول ہونے کے بعد پنجاب آب پاک اتھارٹی کے حوالے کر دئیے جائیں گے پنجاب میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی، صوبے کو مکمل طور پر وزیراعلی عثمان بزدار ہی چلا رہے ہیں جن کے اختیارات شہباز شریف سے کسی طور کم نہیں وفاق اور پنجاب حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،مجھے عہدوں سے نہیں انسانیت سے پیار ہے،عمران خان کی قیادت میں 5 سال تک ملک و قوم کی خدمت کرینگے وزیر اعظم نے مجھے سیاحت خصوصی طو رپر مذہبی سیاحت کے حوالے سے ٹاسک دیا ،2ملین سیاحوں کو ملک میں لیکر آئوں گا جس سے ہمیں سالانہ چار سے پانچ ارب ڈالر کا فائدہ ہوگا‘چوہدری محمد سرور کی پریس کانفرنس

بدھ 24 اپریل 2019 17:34

استعفیٰ دے رہا ہوں نہ ہی میدان چھوڑکر بھاگوں گا‘گورنر پنجاب کا سرور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بیرون ممالک فنڈ ریزنگ پر ہونے والی تنقید کے بعد سرور فائونڈیشن سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ غیر ملکی دورے میں اکٹھے ہونے والے فنڈز وصول ہونے کے بعد پنجاب آب پاک اتھارٹی کے حوالے کر دئیے جائیں گے ، استعفیٰ دے رہا ہوں اور نہ ہی میدان چھوڑکر بھاگوں گا،پنجاب میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی، صوبے کو مکمل طور پر وزیراعلی سردار عثمان بزدار ہی چلا رہے ہیں جن کے اختیارات شہباز شریف سے کسی طور کم نہیں، وفاق اور پنجاب حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں 5 سال تک ملک و قوم کی خدمت کریں گے،مجھے عہدوں سے نہیں انسانیت سے پیار ہے ،ہم نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد رول آف لاء، جمہوریت اور نیا پاکستان بنانے کے علاوہ صحت اور تعلیم کے شعبہ میں کام کرنے کے جو قوم سے وعدے کیے ہیں وہ انشاء اللہ پورے کریں گے،وزیر اعظم نے مجھے سیاحت خصوصی طو رپر مذہبی سیاحت کے حوالے سے ٹاسک دیا ہے اور ہم نے اسے ترقی دینی ہے او رمیرا ہدف ہے کہ 2ملین سیاحوں کو اس ملک میں لیکر آئوں گا جس سے ہمیں سالانہ چار سے پانچ ارب ڈالر کا فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گور نر ہائوس لاہورمیں پر یس کانفر نس کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ شارٹ نوٹس پر آنے پر میڈیا کا شکرگزار ہوں میڈیا کا پاکستان میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہر کام کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کیاہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسا موقع آیا جب مجھے بزنس اور سیاست میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا تھا لہذا میں نے سیاست کا انتخاب کیا جبکہ میرا تعلق ایک متوسط گھرانے سے تھا برطانیہ جانے کا موقع ملا تو لندن میں کامیاب کاروبار کیا تھا۔

لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر اللہ کے کرم سے 1997 میں مجھے برطانوی پارلیمنٹ کا پہلا مسلمان ممبر بننے کا اعزاز حاصل ہوا جب حلف اٹھانا تھا تو برطانوی تاریخ میں پہلی مرتبہ قرآن پاک پر حلف اٹھایا برطانوی پارلیمنٹیرین کے طور پر کشمیر کے لوگوں کے لیے اور فلسطین کے لوگوں کے لیے آواز اٹھائی میں نے عراق اور افغانستان کی جنگ کے خلاف اپنی حکومت کے خلاف جا کر ووٹ دیا اور وزارت ٹھکرا دی میں نے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا بزنس اور سیاست میں کامیابی کے بعد میں نے صحت کے شعبے میں پاکستان کے غریب لوگوں کے لیے کام کرنا شروع کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ 2000ء میں اُنہوںنے پاکستان میں سرور فانڈیشن کی بنیاد رکھی جہاں ہمیشہ فنڈز اکٹھا کرتا تھا تا کہ پاکستان کی عوام کے لیے کچھ کر سکوں مًیں نے پاکستان میں دو اسپتال اور اسکول بنائے وہاں کے کئی لوگوں نے اعتراض کیا کہ میں پاکستان کے لیے فنڈز کیوں اکٹھا کرتا ہوں لیکن اللہ نے مجھے خواہش سے بڑھ کر کامیابی دی۔ 2013 میں میں پنجاب کا گورنر بنا، جس کے بعد میں نے کہا کہ میں کچھ دینے آیا ہوں لینے نہیں آیا میں نے چالیس سال کے سیاسی تجربے کو اپنے ملک کے لوگوں کے لیے استعمال کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جب میں گورنر تھا تب سے میرا اس بات کا ایمان ہے کہ انسان کو اپنے گریبان میں جھانک کر ملک و قوم کے لیے اپنی خدمات کو دیکھنا چاہیے۔ میڈیا نے جو تنقید کی میں نے اس کو مثبت انداز میں تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے چار سال پنجاب بھر کے شہروں، دیہاتوں اور قصبوں میں پی ٹی آئی اور عمران خان کا پیغام پہنچایا اور ممکن حد تک محنت کی جس کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت بنی جس کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنا نا ممکن ہے اگر میرے فیصلوں پر عملدرآمد ہوتا تو تحر یک انصاف کو پنجاب میں دو تہائی اکثریت حاصل ہوتی میں پی ٹی آئی کے تمام ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ یہ سب کچھ ان کی سپورٹ کی وجہ سے ہوا اور عمران خان ملک کے وزیراعظم بنے۔

میں جب بھی بیرون ملک دورے پر گیا تو خبر آئی کہ میرا عہدہ چلا گیا۔ میں یہ بات بتانا چاہتا ہوں کہ مجھے عہدوں سے نہیں انسانوں سے محبت ہے۔مجھے جب گورنر بنایا گیا تو شاید مجھے اتنی خوشی نہیں ہوئی جتنی انسانیت کی خدمت کر کے ہوتی ہے۔ گورنر کا عہدہ مجھے دینا پارٹی کی لیڈر شپ کا فیصلہ تھا حالانکہ میں سینیٹ کا ممبر تھا اور میں وہاں بے حد مطمئن تھا لیکن مًیں نے پارٹی کا فیصلہ تسلیم کیا اور گورنر کا عہدہ سنبھالا۔

دو چیزیں اس وقت گورنر کے عہدے سے بھی اہم ہیں، ایک وزیراعظم نے مجھے سیاحت اور ورثہ کمیٹی کا سربراہ بنایا، اور دوسرا میرا عزم ہے کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے۔ جو لوگ تنقید کر رہے ہیں میں ان کو یہ احساس دلانا چاہتا ہوں کہ پینے کا صاف پانی نہ ہونا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ جس کے حل کے لیے پنجاب آب پاک اتھارٹی بن چکی ہے، میں اس کا چیف ایگز یکٹو نہیں بلکہ پیٹرن انچیف ہوں اور اتھارٹی کا بورڈ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد بنائیں گے۔

میں اتھارٹی کو صرف تجاویز ہی دوں گا، اب میرے پاس صاف پانی کی فراہمی کے لئے صرف چار سال باقی ہیں لیکن میں سب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اگر انسان کا عزم ہو تو اللہ بھی مدد کرتا ہے، انشااللہ پنجاب آب پاک پانی اتھارٹی لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرے گی اور میں پاکستانی قوم کو یقین دلاتاہوں کہ ''پنجاب آب پاک اتھارٹی''میں کسی کو ایک روپے کی بھی کر پشن نہیں کرنے دوں گا اور جو کوئی کر پشن کرنے کی کوشش کریگا اس کو نہ صرف قوم کے سامنے بے نقاب کر وں گا بلکہ اسکے خلاف نیب میں کیس بھی بجھوایا جائیگا اور عوام کے ایک ایک پیسے کی حفاظت اور اس کا شفاف طریقے سے استعمال میری ذمہ داری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت نے غر بت کے خاتمے کیلئے ''احساس ''پروگرام 'بے گھروں عوام کیلئے ''نیا پاکستان گھر سکیم ''غر بیوں کو مفت صحت کی سہولتوں کیلئے ''ہیلتھ کارڈ ''پروگرام شروع کیا ہے جبکہ پنجاب میں عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کر نے کیلئے نیا بلدیاتی نظام لایا جارہا ہے سڑکوں پرسونے والے غر یب آج شیلٹر ہومز میں سو رہے ہیں اور ہماری حکومت کا ایجنڈہ صرف اور صرف غر یب عوام کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کہتا ہے میرا سپیکر پنجاب اسمبلی سے اختلاف ہے، کوئی کہتا ہے میرا عثمان بزدار سے اختلاف ہے، اب کچھ اخبارات اور چینل نے ریٹنگ بڑھانے کے لیے یہ بھی کہنا شروع کردیا ہے کہ میرا وزیراعظم سے بھی اختلاف ہے لیکن ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات