جمہوریت میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں نئی بات نہیں، وزیراعلیٰ کے ساتھ ہیں‘چودھری پرویزالٰہی

مونس الٰہی یا ہماری ن لیگ سے کوئی ملاقات ہوئی نہ ہی ہونی ہے، منتخب نمائندہ ہوں گورنر بننے کا کوئی ارادہ نہیں‘میڈیا سے گفتگو

بدھ 24 اپریل 2019 17:34

جمہوریت میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں نئی بات نہیں، وزیراعلیٰ کے ساتھ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا اختیار ہے کہ وہ جب چاہیں کابینہ تبدیل کر سکتے ہیں،ہماری پارٹی کا ایک مؤقف ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مضبوط کرنا ہے اس سلسلے میں پارٹی قائد چودھری شجاعت حسین نے واضح کر دیا ہے کہ ہم وزیراعلیٰ کے ساتھ کھڑے ہیں، جب کسی کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کر لیں تو بہت سی چیزوں کو درگزر کر کے چلنا پڑتاہے۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے مقامی ہوٹل میں ’’اللہ کے رنگ‘‘ کے عنوان سے تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مجھے 40 سال سیاست میں ہوگئے ہیں ہر جمہوری پارٹی میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں یہ سیاست کا حسن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ن لیگ سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہے نہ ہی اس کا کوئی امکان ہے، مونس الٰہی نے بھی واضح کیا کہ ن لیگ سے ملنے کی نہ ضرورت ہے نہ کوئی شوق۔

نئے صوبے کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جب پنجاب میں نئے صوبے کی بات چلتی ہے تو ہمارے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ بہاولپور صوبہ کی بات کرتے ہیں جو بالکل ٹھیک ہے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ میں منتخب نمائندہ ہوں گورنر بننے کا کوئی ارادہ نہیں، میں جہاں ہوں خوش ہوں۔ تصویری نمائش کی آرگنائزر غزالہ جاوید اور حکیم عزیز الرحمن کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فن پاروں میں عشق حقیقی اور تصوف کے رنگوں کو عیاں کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے، اس فن کو مزید آگے بڑھنا چاہئے۔ مصورہ غزالہ جاوید نے سپیکر کو بتایا کہ ان تمام فن پاروں کو بنانے کیلئے برش کا استعمال نہیں کیا گیا بلکہ یہ ہاتھ سے بنائی گئی ہیں۔