دُبئی میں تین سالہ بچی رہائش گاہ میں بنے سوئمنگ پول میں ڈُوب گئی

گھر میں موجود والد کو بھی کافی دیر تک اس افسوس ناک واقعے کا پتا نہ چلا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 24 اپریل 2019 17:30

دُبئی میں تین سالہ بچی رہائش گاہ میں بنے سوئمنگ پول میں ڈُوب گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،24 اپریل 2019ء) دُبئی کے علاقے البرشا میں واقع ایک رہائشی بلڈنگ میں انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں تین سالہ بچی سوئمنگ پول میں ڈُوب کر زندگی سے رُوٹھ گئی۔ تفصیلات کے مطابق بچی کا جرمن باپ جیرارڈ جو ایک سافٹ ویئر کمپنی میں ملازمت کرتا ہے، وقوعے کے وقت گھر پر بیٹھا اپنی کسی اسائنمنٹ میں مصروف تھا۔

اُس کا خیال تھا کہ بچی گھریلو ملازمہ کے پاس کھیل رہی ہو گی۔ تھوڑی دیر بعد جب اُسے گھر میں بچی نظر نہ آئی تو وہ پریشان ہو گیا۔ گھر میں اچھی طرح ڈھونڈنے کے بعد جیسے ہی وہ باہر نکلا تو یہ دیکھ کراُس کے اوسان خطا ہو گئے کہ اُس کی معصوم بچی سوئمنگ پول کی سطح پر بے حِس و حرکت تیرتی دکھائی دے رہی تھی۔ پریشان باپ نے فوری طور پر بچی کو پانی سے باہر نکالا اور اُس کی سانسیں بحال کرنے کی کوشش کی مگر ناکامی پر وہ فوراً اُسے لے کر سعودی جرمن ہسپتال جا پہنچا، جہاں پر ڈاکٹروں نے بدقسمت بچی کی موت کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

بچی کے غمزدہ والد نے کہا کہ تمام خاندان اس واقعے پر سوگوار اور اذیت میں ہے۔ دُبئی پولیس کی جانب سے والدین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے چھوٹی عمر کے بچوں کو ہر وقت اپنی نگرانی میں رکھا کریں۔ والدین کو چاہیے کہ گھر میں بنے سوئمنگ پول کے چاروں طرف جنگلہ لگوائیں۔ سوئمنگ پولز کو جانے والے تمام دروازے لاک رکھے جائیں۔ بچوں کو سوئمنگ پول میں نہلاتے وقت وہاں پر کسی بالغ نگران کا ہونا بہت ضروری ہے۔