حکومت نے زیادہ سے زیادہ سہولت بہم پہنچانے اور امیگریشن کی لاگت کو کم کرنے کے لئے نائیکوپ کی شرط ختم کردی

سعودی عرب میں 3600 قیدیوں کی رہائی کے لئے سعودی حکومت سے بات چیت ہو رہی ہے، ہم معاملہ کو سنجیدگی سے لیں گے، جویریہ ظفر

بدھ 24 اپریل 2019 17:42

حکومت نے زیادہ سے زیادہ سہولت بہم پہنچانے اور امیگریشن کی لاگت کو کم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) قومی اسمبلی کوبتایا گیاہے کہ حکومت نے زیادہ سے زیادہ سہولت بہم پہنچانے اور امیگریشن کی لاگت کو کم کرنے کے لئے نائیکوپ کی شرط ختم کردی ہے، سعودی عرب میں 3600 قیدیوں کی رہائی کے لئے سعودی حکومت سے بات چیت ہو رہی ہے، ہم معاملہ کو سنجیدگی سے لیں گے۔بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دور ان پارلیمانی سیکرٹری برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل جویریہ ظفر نے بتایا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد لیبر ویلفیئر کا مسئلہ صوبوں کو منتقل ہوگیا ہے، ہماری خواہش ہے کہ پسماندہ صوبوں ‘ علاقوں کو بھی دیگر علاقوں کے برابر لایا جائے۔

انہوںنے کہاکہ میرٹ پر ملازمتوں میں اگر بلوچستان یا دیگر علاقوں سے لوگ بھرتی ہونے سے رہ جاتے ہیں تو اس میں کسی کا کردار نہیں۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری جویریہ ظفر نے بتایا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے لئے قومی امیگریشن ویلفیئر پالیسی تشکیل دے دی ہے۔ حکومت نے زیادہ سے زیادہ سہولت بہم پہنچانے اور امیگریشن کی لاگت کو کم کرنے کے لئے نائیکوپ کی شرط ختم کردی ہے۔

وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔ ذوالفقار بخاری اس کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ پاکستانی تارکین وطن میرے دل کے بہت قریب ہیں، سعودی عرب میں 3600 قیدیوں کی رہائی کے لئے سعودی حکومت سے بات چیت ہو رہی ہے۔ ہم اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیں گے،قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع ہے،ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اس بارے میں اعداد و شمار مہیا کردیں۔

پارلیمانی سیکرٹری جویریہ ظفر نے بتایا کہ چیئرمین این آئی آر سی کے لئے چیف جسٹس پاکستان نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین جسٹس (ر) میاں شاکر اللہ جان کی مدت ملازمت میں مزید دو سال کی توسیع کی سفارش کی ہے جس کی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے بطور چیئرمین کئی فیصلے تحریر کئے ہیں۔ تقریباً 134 فیصلے مختلف قانونی رسالوں میں رپورٹ کئے گئے ہیں۔ ان کی عمر اس وقت 71 سال ہے۔ ان کی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں توسیع دی گئی ہے۔