بے نامی اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھانے والی سیاسی شخصیات کی ضمانتوں پر چیف جسٹس نوٹس لیں،

جن مزدوروں کے نام اکا ؤنٹس تھے وہ جیلوں میں ہیں ، اصل چور باہر گھوم پھر رہے ہیں،وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس

بدھ اپریل 18:18

بے نامی اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھانے والی سیاسی شخصیات کی ضمانتوں پر چیف ..
لاہور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے بے نامی اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھانے والی سیاسی شخصیات کی ضمانتوں پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن مزدورں کے نام اکا ؤنٹس تھے وہ جیلوں میں ہیں اور اصل چور باہر گھوم پھر رہے ہیں انہیں پکڑا جائے۔ وہ گذ شتہ روز ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان کے بارے معلوم نہیں کہ وہ پنجاب اسمبلی کا حلف اُٹھائیں، بہرحال وزیر اعلی ٰ پنجاب عثمان بزدار کو وزیر اعظم عمران خان کا اعتماد حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پی ٹی آئی کا دوسرا نام ہے ، وہ ملک کی ہر چیز سے باخبر ہیںاگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ انہیں خبر نہیں ہوتی ہے تو اس سے بڑا بے خبر اور کوئی نہیں ہے ،کوئی کچھ بھی کہہ لے مگر عمران خان تین بڑے چوروں کو نہیں چھوڑیں گے ، شہباز، نواز اور زرداری نہیں بچ سکتے ، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں اطراف کھیل رہے ہیںجبکہ زرداری معصوم بلاول کو استعمال کر رہا ہے ، نئے مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ ایک ٹیکنو کریٹ ہیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ریلویز نے بتایا کہ وہ چین جارہے ہیں جہاں ایم ایل ون کے ڈیزائن اور فزیبلیٹی معاہدوں پر دستخط ہونگے ۔ انہوں نے بتایاکہ نئی ٹرین سر سیّد ایکسپریس میں تینوں کلاسز اور دو سو روپے میں اکانومی کلاس والوں کو کھانا بھی دیا جائیگا،موسم گرما میں پاور وین کو اٹھارہ گھنٹے کی بجائے نو گھنٹے چلایا جائے گا ، ریلوے میں دس ہزار لوگوں کو روزگار دے رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ میرے ہوتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کے سنگل ون ٹینڈر نہیں ہونگے میں چاہتا ہوں کہ اس معاملے میں شفافیت ہو ، انہوں نے کہا کہ ریلوے میں ویجیلنس کے شعبہ کو ختم کر دیا ہے مزید غیر ضروری شعبوں کو بھی ختم کردیں گے ، ریلوے کی بہتری کے لیئے کراچی میں بھی ہفتے میں ایک روز بیٹھا کروں گا ۔