وارنر اور سمتھ کی واپسی سے ٹیم ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، سٹوئنس

بدھ 24 اپریل 2019 18:26

وارنر اور سمتھ کی واپسی سے ٹیم ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ..
سڈنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) آسٹریلوی آل رائونڈر مارکس سٹوئنس نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کا فارم میں آنا پلس پوائنٹ ہے، ڈیوڈ وارنر اور سٹیون سمتھ کی واپسی سے ہماری ٹیم بھی میگا ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل ہو گئی ہے۔ ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی سے ہو گا اور آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کیلئے کھیلے گی۔

وارنر اور سمتھ کی عدم دستیابی کی وجہ سے سال 2018ء کینگروز کیلئے بدترین رہا لیکن آسٹریلوی ٹیم نے حال ہی میں بھارت کو اس کی سرزمین پر اور پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ون ڈے سیریز جیت کر کھویا ہوا اعتماد بحال کر دیا۔ سٹوئنس نے اپنے بیان میں کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہماری ٹیم صحیح وقت میں فارم میں آئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ وارنر اور سمتھ کی واپسی سے کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بلند ہو گئے ہیں اور اب ہماری ٹیم بھی میگا ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر بھارت اور پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتوحات بہت اہمیت کی حامل ہے اور تمام کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھا ہے اسلئے میں سمجھتا ہوں کہ ہماری ٹیم ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے کے قابل ہو گئی ہے اور ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ آسٹریلوی ٹیم ورلڈ کپ میں یکم جون کو افغانستان کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔