ٹریفک پولیس کے اہلکار پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران خوش اخلاقی اور شائستگی کو اپنا شعار بنائیں ‘کیپٹن (ر) عارف نواز

ٹریفک کا نظم وضبط معاشرے کی تہذیب اور شائستگی کا عکاس ہوتا ہے اور ٹریفک اسسٹنٹس کے پاس آئوٹ ہونے والے پہلے بیج میں کئی اعلی تعلیم یافتہ اہلکار شامل ہیں جو اپنی صلاحیتوں اور تربیت کو استعمال کرتے ہوئے موثر تبدیلی کا باعث بنیں گے‘آئی جی پنجاب کا تقریب سے خطاب

بدھ 24 اپریل 2019 18:54

ٹریفک پولیس کے اہلکار پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران خوش اخلاقی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران خوش اخلاقی اور شائستگی کو اپنا شعار بنائیں اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشارہوکر عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے محکمے کی عزت و وقار میں اضافے کا باعث بنیں ، ٹریفک پولیس حقیقت میں پنجاب پولیس کا فیس ہے کیونکہ شہریوں کا پولیس سے پہلا رابطہ سڑکوں پر ہوتا ہے لہذا شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے پولیس کے امیج کومزید بہتر کرنے میں انکا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے،بڑھتی آبادی سے پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل سے نمٹنے کیلئے ٹریفک پولیس کو جدید ترین تربیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے تاکہ وہ مزید بہتر طور پر اپنے فرائض منصبی ادا کرتے ہوئے ٹریفک حادثات میں کمی لاکر قیمتی انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کرسکیں، پولیس ٹریننگ کے معیار کو مزید بہتر کرنے کیلئے نئے سپیشلائزڈ سکولز بنائے جارہے ہیں تاکہ افسران واہلکاروں کی صلاحیتوں اور استعداد کار میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور، میں ٹریفک اسسٹنٹ بیسک ریکروٹ کورس کے پہلے بیج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں افسران واہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یٰسین ، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی منظور سرور، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم شیخ ، ڈی آئی جی ٹریننگ سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب، ڈاکٹر محمد اختر عباس، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی کیپٹن (ر)محمد فیصل رانا، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی ایس پی یو سلطان چوہدری ، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب کیپٹن (ر) عطا محمد ، سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) لیاقت ملک سمیت سابق پولیس افسران ، معروف سماجی شخصیات سمیت افسران واہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

پاسنگ آئوٹ پریڈ کے آغاز میں کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ مرزا فاران بیگ نے آئی جی پنجاب کو سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک اسسٹنٹ کے پہلے بیسک ریکروٹ کورس میں مجموعی طور پر 580اہلکاروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی ہے جن میںسے 200کا تعلق لاہور ،175 سیالکوٹ، 70ر اولپنڈی ،55 فیصل آ باد،55 ملتان اور45کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے ۔

دوران تربیت ان اہلکاروں کو ٹریفک مینجمنٹ ،اینٹی رائٹ، کومبیٹ ٹریننگ، پبلک ڈیلنگ ،قانون ،میڈیا ہینڈلنگ ، اخلاقیات اور کردار سازی کے ماڈیولز پر مبنی 39ہفتوں کے دورانئے پر مشتمل اعلی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ یہ اہلکار دوران ڈیوٹی بہترین ڈسپلن اور کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پولیس کلچر کی تبدیلی کے عمل کو مزید تیز کرسکیں ۔

پاسنگ آئوٹ پریڈ کے معائنے کے بعد آئی جی پنجاب نے افسران واہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی بڑھتی آبادی کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک کے شدید مسائل پیدا ہورہے ہیں اور بڑھتی ٹریفک کے دبائو کی وجہ سے روز بروز ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہورہا ہے ایسی صورتحال میںٹریفک اسسٹنٹس کا پہلا بیج بڑے شہروں میں ٹریفک مسائل پر قابوپانے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کا نظم وضبط معاشرے کی تہذیب اور شائستگی کا عکاس ہوتا ہے اور ٹریفک اسسٹنٹس کے پاس آئوٹ ہونے والے پہلے بیج میں کئی اعلی تعلیم یافتہ اہلکار شامل ہیں جو اپنی صلاحیتوں اور تربیت کو استعمال کرتے ہوئے موثر تبدیلی کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ٹریفک افسران واہلکار دوران ڈیوٹی عوام کے ساتھ ہمیشہ خوش اخلاقی اور نرم گفتاری سے پیش آئیں اورسخت محنت ، پیشہ ورانہ مہارت اور میرٹ پرکام کرتے ہوئے عوام دوست پولیسنگ کو یقینی بنائیں ۔

آئی جی پنجاب نے شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے ورثا کے مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے اور شہداء کے لواحقین کی فلاح و بہبود کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اس بات سے بخوبی آگاہ ہوں کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے ہمیشہ اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنایا ہے لہذا میں نے آتے ہی فورس کے رسک الائونسس سمیت دیگر مراعات میں اضافے کی منظوری کیلئے کوششوں کا آغاز کردیا ہے ۔

آئی جی پنجاب نے افسران واہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے سے جرائم اور دہشت گردی کا خاتمہ قانون نافذکرنے والے اداروں کے مشترکہ آپریشن اور عوام کے باہمی تعاون سے ممکن ہے جبکہ ہمیں اقلیتوں اور عورتوں کا حقوق کا تحفظ ہرصورت یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے لئے یہ بے حد اطمینان کی بات ہے کہ پولیس ٹریننگ کالج لاہور اپنے فرض شناس سٹاف کے ساتھ عمدہ ٹریننگ ماحول میں اہلکاروں کی پروفیشنل اور عملی تربیت کے فرائض سر انجام دینے میں مصروف ہے کیونکہ موجودہ دور میںاعلیٰ ٹریننگ سے ہی فورس کو اپنے فرائض کی کامیاب ادائیگی کیلئے تیار کرسکتی ہے ۔

ا س موقع پر آئی جی پنجا ب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اہلکاروں میں نقد انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کیں جبکہ پاس آئوٹ اہلکاروں نے اینٹی رائٹ، کومبیٹ ٹریننگ سمیت دیگر صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کرکے اپنی مہارت اور صلاحیتوں کا ثبوت پیش کیا ۔